سائبیریا کے مہمان پرندوں کی کراچی آمد، ساحل کی رونقیں بڑھا دیں

سائبیریا کے مہمان پرندوں کی کراچی آمد، ساحل کی رونقیں بڑھا دیں

سائبیریا کے برفیلے علاقوں سے آنے والے مہمان پرندوں نے کراچی میں ڈیرے ڈال لیے ہیں، سردیوں کی دستک سے پہلے ہی آسمان پر ان پرندوں کی اڑان اور ساحل پر ان کی موجودگی نے رنگ جما دیے۔ شہری بھی قدرت کے اس حسین نظارے سے لطف اندوز ہونے لگے۔

سخت سردی سے بچنے اور خوراک کی تلاش میں ہزاروں کلومیٹر کا سفر طے کرکے آنے والے یہ پرندے سی ویو، ہاکس بے اور رشین بیچ سمیت سندھ کی مختلف جھیلوں اور آب گاہوں کا رخ کرتے ہیں۔

مرغابیوں، کونجوں اور دیگر آبی پرندوں کی یہ موسمی ہجرت قدرت کے حسن کے ساتھ ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے، یہ مہمان پرندے چند ماہ پاکستان کی آب گاہوں میں قیام کے بعد واپس اپنے علاقوں کا رخ کریں گے۔

سائبیریا کے وسیع برف زار صحرا سمیت سرد علاقوں سے سفر کرنے والے پرندوں سے گرم علاقوں کے ان حصوں، خصوصاً جھیلوں میں بہار آجاتی ہے جہاں انہیں خوراک میسر آسکتی ہے۔

سندھ میں کینجھر جھیل، ہالیجی جھیل، اڈیرو جھیل سمیت دیگر جھیلیں اور آبی ذخائر ایسے مقامات ہیں جہاں خوراک کی تلاش میں یہ مہمان اترتے ہیں، نیرنگی، چیکلو، کونج، اڑی اور لال بطخ سمیت متعدد اقسام کے ان پرندوں میں بعض نایاب پرندے بھی شامل ہیں۔

قیام کے دوران یہ مہمان پرندے ماحول کی صفائی کا بھی کام کرتے ہیں،اور کیڑوں مکوڑوں سمیت دیگر حشرات الارض جوکہ ان کی خوراک کا لازمی جزو ہے اس کی بڑھتی تعداد کو کنٹرول کرنے میں ان کا کلیدی کردارہے۔

ماہرین کے مطابق ضرورت اس بات کی ہے کہ ان کے قدرتی مسکن کو محفوظ رکھا جائے، شکار کی روک تھام کی جائے اور ساحل کو آلودگی سے پاک رکھا جائے۔