میڈ اِن رشیا فورم: پاکستان اور روس کے درمیان تجارتی رکاوٹیں دور کرنے کیلئے اعلیٰ سطحی مذاکرات جاری

میڈ اِن رشیا فورم: پاکستان اور روس کے درمیان تجارتی رکاوٹیں دور کرنے کیلئے اعلیٰ سطحی مذاکرات جاری

فورم کے موقع پر حکومت ماسکو اور ماسکو ایکسپورٹ سینٹر کے زیر اہتمام ’’ماسکو اور گلوبل ساؤتھ: تیز رفتار ترقی کے لیے تجارتی تعاون‘‘ کے عنوان سے خصوصی پینل ڈسکشن منعقد ہوئی، جس میں سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں، پاکستانی کاروباری شخصیات اور دیگر ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔

پینل ڈسکشن سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کو وسعت دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ دونوں ممالک کو کاروباری اداروں، سرمایہ کاروں اور عوام کے درمیان براہ راست روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس یوریشیائی خطے کے اہم شراکت دار ہیں اور جغرافیائی قربت کے ساتھ مشترکہ اقدار بھی دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لاتی ہیں۔ پاکستان اور روس کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کے لیے مذاکرات شروع ہوچکے ہیں، جبکہ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا رواں ماہ دورۂ روس، عملی اقتصادی تعاون ترجیح

سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف رواں ماہ کے آخر میں روس کا سرکاری دورہ کریں گے، جو گزشتہ پانچ سال کے دوران کسی پاکستانی وزیراعظم کا روس کا پہلا دورہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ پاکستان میں وزیراعظم شہباز شریف سے تقریباً نصف گھنٹے کی ملاقات ہوئی تھی، جس میں وزیراعظم نے روس کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

فیصل نیاز ترمذی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف چاہتے ہیں کہ دورۂ روس محض مشترکہ تصاویر بنوانے اور معاہدوں پر دستخط کرنے تک محدود نہ رہے بلکہ اس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان عملی اقتصادی تعاون فروغ پائے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی خواہش ہے کہ کمپنیوں کی سطح پر اشتراک بڑھے، دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے قریب آئیں اور ثقافت، تعلیم اور کاروبار کے شعبوں میں براہ راست روابط قائم ہوں۔

آئی ٹی، صحت، سیاحت اور لاجسٹکس میں تعاون بڑھانے کی تجویز

سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس، سیاحت، ادویہ سازی اور صحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس تجارت میں بنیادی اہمیت رکھتے ہیں کیونکہ مصنوعات کی تیاری کے اخراجات کے ساتھ ان کی نقل و حمل پر آنے والی لاگت بھی تجارتی سرگرمیوں پر اثرانداز ہوتی ہے۔

ان کے مطابق روس اور پاکستان ایک دوسرے کے لیے سیاحت کی اہم منڈیاں بن سکتے ہیں، جبکہ صحت کے شعبے میں روسی کمپنیوں نے پاکستان میں کام شروع کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ پاکستان جراحی آلات اور کھیلوں کی مصنوعات کی تیاری میں نمایاں صلاحیت رکھتا ہے، اس لیے ان شعبوں میں روس کے ساتھ کاروباری تعاون اور تجربات کا تبادلہ کیا جاسکتا ہے۔

بینکاری، ادائیگیوں اور لاجسٹکس کے مسائل دو ہفتوں میں حل ہونے کی امید

پینل ڈسکشن کے دوران دنیا نیوز کے نمائندے شاہد گھمن نے سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی سے سوال کیا کہ پاکستان اور روس دوطرفہ تجارت میں بینکاری، ادائیگیوں اور ٹرانسپورٹ کے مسائل حل کرنے کے لیے آئندہ چھ ماہ میں کیا عملی اقدامات کریں گے؟

جواب میں سفیر پاکستان نے بتایا کہ دونوں ممالک نے تجارت کی راہ میں حائل تین بنیادی رکاوٹوں کی نشاندہی کی ہے، جن میں ویزوں کے مسائل، ادائیگیوں کا طریقہ کار اور لاجسٹکس شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان جولائی میں ایک معاہدے پر دستخط ہوئے تھے، جبکہ کاروباری افراد کو درپیش مسائل کے حل کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

فیصل نیاز ترمذی نے انکشاف کیا کہ بینکاری اور تجارتی ادائیگیوں کے نظام سے متعلق اعلیٰ ترین سطح پر سنجیدہ مذاکرات جاری ہیں اور متعلقہ وزارتیں بھی اس سلسلے میں کام کررہی ہیں۔ کوشش ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ روس سے پہلے ان مسائل کو حل کرلیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی پابندیوں کے باوجود روس نے دوسرے ممالک کے ساتھ تجارتی ادائیگیوں کے متبادل انتظامات قائم کیے ہیں اور پاکستان کو بھی اسی نوعیت کا طریقہ کار اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

سفیر پاکستان کے مطابق اس وقت دونوں ممالک کے درمیان بہت سی تجارتی ادائیگیاں تیسرے ممالک کے ذریعے کی جارہی ہیں، جس سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 3 سے 4 ارب ڈالر ہونا چاہیے، تاہم موجودہ رکاوٹوں کے باعث صارفین اور مصنوعات تیار کرنے والوں کو نقصان اٹھانا پڑرہا ہے۔

فیصل نیاز ترمذی نے امید ظاہر کی کہ ان مسائل کے حل کے حوالے سے آئندہ چھ ماہ کے بجائے اگلے دو ہفتوں کے اندر ہی اہم پیش رفت سامنے آسکتی ہے۔

پاکستان کی جغرافیائی حیثیت اور نوجوان آبادی سرمایہ کاری کے لیے اہم مواقع

سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ پاکستان تقریباً 26 کروڑ آبادی کا ملک ہے، جس کی 68 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا، مغربی ایشیا اور وسطی ایشیا کے سنگم پر واقع ہے اور اپنی جغرافیائی حیثیت کے باعث مختلف خطوں کو ملانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

ان کے مطابق پاکستان کے ذریعے علاقائی تجارتی راہداریوں اور مختلف منڈیوں تک رسائی کے وسیع مواقع موجود ہیں، جبکہ پاکستان اور اس کے گردونواح کی منڈیاں مجموعی طور پر تقریباً ایک ارب 40 کروڑ افراد پر مشتمل ہیں۔

پاکستانی تجارتی وفد کی روسی کمپنیوں سے براہ راست ملاقاتیں

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں نے پاکستانی وفد کے پرتپاک استقبال پر روسی میزبانوں کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کے کاروباری افراد کے درمیان براہ راست ملاقاتیں اور روابط انتہائی ضروری ہیں۔

ثاقب فیاض مگوں نے بتایا کہ پاکستان سے ایک بڑا تجارتی وفد ماسکو پہنچا ہے، جس میں مختلف کمپنیوں کے نمائندے شامل ہیں۔ وفد کو روسی کاروباری اداروں کے ساتھ ملاقاتوں اور ماسکو کی مختلف کمپنیوں کے دوروں کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایسے کاروباری اجلاسوں کے ذریعے دونوں ممالک کی کمپنیوں کو ایک دوسرے کے ساتھ کام کرنے اور تجارتی تعاون بڑھانے کے نئے مواقع مل سکتے ہیں۔

روسی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت

پینل ڈسکشن میں روسی اور دیگر ممالک کے نمائندوں نے ماسکو اور گلوبل ساؤتھ کے ممالک کے درمیان اقتصادی روابط، کاروباری شراکت داری اور تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔

سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے روسی کاروباری شخصیات اور ماسکو سمیت روس کے دیگر شہروں کی کمپنیوں کو پاکستان کے ساتھ تجارت اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی دعوت دی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ پہلے سے موجود تعاون کو مزید آگے بڑھانا چاہتا ہے اور اس مقصد کے لیے کاروباری اداروں، سرمایہ کاروں اور عوام کے درمیان براہ راست روابط کا فروغ ضروری ہے۔

واضح رہے کہ میڈ اِن رشیا انٹرنیشنل ایکسپورٹ فورم میں پاکستانی تجارتی وفد کی شرکت اور دونوں ممالک کے درمیان جاری اعلیٰ سطحی مذاکرات کو وزیراعظم شہباز شریف کے متوقع دورۂ روس کے تناظر میں اہمیت حاصل ہے۔