چاندنی رات کا جادو: پاکستان میں آج سپر مون دیکھا جاسکے گا

چاندنی رات کا جادو: پاکستان میں آج سپر مون دیکھا جاسکے گا

آج 24 نومبر کو سال کا دوسرا سپر مون دیکھا جاسکے گا، اس موقع پر چاند مشہور ستاروں کے جھرمٹ سیون سسٹرز کے قریب سے گزرے گا، جس سے رات کے آسمان کا ایک خوبصورت منظر دیکھنے کو مل سکتا ہے، پاکستان میں یہ خوبصورت نظارہ رات 7 بج کر 53 منٹ پر ہوگا۔

نومبر کے اس مکمل چاند کو بیور مون بھی کہا جاتا ہے، جبکہ زمین کے قریب ہونے کی وجہ سے اسے سپر مون بھی قرار دیا گیا ہے، پاکستان ٹوڈے اور فلکیاتی مظاہر سے متعلق ویب سائٹ ٹائم اینڈ ڈیٹ کے مطابق چاند 24 نومبر کو گرین وچ معیاری وقت کے مطابق دوپہر 2 بج کر 53 منٹ پر مکمل ہوگا، جو پاکستانی وقت کے مطابق آج رات 7 بج کر 53 منٹ بنتا ہے۔

پاکستان میں چاند کے مکمل ہونے کا وقت رات کا ہے، تاہم اسے دیکھنے کے لیے اس لمحے کا انتظار ضروری نہیں، چاند طلوع ہونے کے بعد ہی آسمان پر دکھائی دے سکتا ہے۔

چاند زمین کے گرد ایک بیضوی مدار میں گردش کرتا ہے، اس مدار میں ایک مقام ایسا ہوتا ہے جہاں چاند زمین کے سب سے قریب ہوتا ہے، جسے پیریجی کہا جاتا ہے، جب مکمل چاند اس مقام کے قریب ہو تو اسے سپر مون کہا جاتا ہے۔

اس دوران چاند معمول کے مکمل چاند کے مقابلے میں کچھ بڑا اور روشن دکھائی دیتا ہے، تاہم یہ فرق عام طور پر بہت زیادہ نمایاں نہیں ہوتا، چاند جب افق کے قریب ہوتا ہے تو وہ اکثر غیر معمولی طور پر بڑا محسوس ہوتا ہے، جس کی وجہ مون الیوژن یعنی بصری تاثر ہے۔

پاکستان میں چاند کے نظارے کے لیے غروبِ آفتاب کے بعد مشرقی آسمان کی سمت دیکھنا بہتر ہوگا، چاند جب افق کے قریب ہوتا ہے تو اس کی جسامت زیادہ محسوس ہو سکتی ہے، اس لیے چاند طلوع ہونے کے وقت کا انتخاب دلچسپ منظر دیکھنے میں مدد دے سکتا ہے۔

کراچی میں 24 نومبر کو چاند شام تقریباً 5 بج کر 18 منٹ پر طلوع ہوگا، دیگر شہروں میں طلوعِ قمر کا وقت مختلف ہو سکتا ہے، بہتر نظارے کے لیے ایسی جگہ کا انتخاب کیا جا سکتا ہے جہاں مشرقی افق واضح ہو اور عمارتیں یا درخت چاند کو چھپا نہ رہے ہوں، تیز مصنوعی روشنی سے دور مقام بھی بہتر رہتا ہے۔

اس منظر کو دیکھنے کے لیے کسی خاص دوربین یا آلات کی ضرورت نہیں، کیونکہ صاف آسمان کی صورت میں چاند عام آنکھ سے واضح دکھائی دے گا، البتہ چاند کی روشنی کے باعث اس کے قریب موجود کم روشن ستاروں کو دیکھنا مشکل ہو سکتا ہے۔

دنیا کے مختلف حصوں میں مکمل چاند کا وقت مقامی وقت اور تاریخ کے لحاظ سے مختلف ہوگا، نیویارک میں چاند 24 نومبر کو صبح 9 بج کر 53 منٹ، لاس اینجلس میں صبح 6 بج کر 53 منٹ اور برطانیہ میں دوپہر 2 بج کر 53 منٹ پر مکمل ہوگا۔

فرانس، جرمنی اور وسطی یورپ کے دیگر علاقوں میں یہ وقت سہ پہر 3 بج کر 53 منٹ ہوگا، جبکہ آسٹریلیا کے شہروں سڈنی اور میلبورن میں چاند 25 نومبر کی رات 1 بج کر 53 منٹ پر مکمل ہوگا۔

نومبر کے مکمل چاند کو بیور مون کہنے کی روایت شمالی امریکا کے موسموں سے متعلق قدیم اصطلاحات سے جڑی ہے، اس دور میں بیور سردیوں سے پہلے اپنے ٹھکانے اور بند تعمیر کرنے کی تیاری کرتے ہیں، اسی مناسبت سے نومبر کے چاند کو یہ نام دیا گیا۔

شمالی نصف کرے کے کئی علاقوں میں نومبر کے دوران سردی بڑھنے لگتی ہے، ماضی میں موسم کی یہ تبدیلی شکار، جانوروں کو پکڑنے اور دیگر بیرونی سرگرمیوں کے لیے بھی اہم سمجھی جاتی تھی۔

اس کے دیگر روایتی نام بھی ہیں، مختلف ثقافتوں اور خطوں میں موسمی تبدیلیوں کی مناسبت سے نومبر کے اس پورے چاند کو فروسٹ مون یعنی پالے کا چاند اور فریزنگ مون بھی کہا جاتا ہے، کیونکہ سال کے اس حصے میں شدید سردی، کہر اور برف باری کا باقاعدہ آغاز ہو رہا ہوتا ہے اور فطرت سردیوں کے طویل موسم کے لیے خود کو تیار کر رہی ہوتی ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر آج رات آسمان صاف ہو تو پاکستان سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں لوگ اس مکمل چاند کا نظارہ کر سکیں گے، تاہم بادلوں، بارش یا مقامی موسم کی صورتحال کے باعث چاند کی واضح جھلک دیکھنے کے مواقع متاثر ہو سکتے ہیں۔