پاکستان جونیئر ٹیم کو پہلے معرکے میں پانچ، ایک سے شکست کا سامنا کرناپڑا، مہمان سائیڈ کے کپتان راڈرک کا عمدہ کھیل، دو گولز اسکور کئے۔
کراچی: (روزنامہ دنیا) پی ٹی سی ایل کپ دو ہزار اٹھارہ میں ورلڈ الیون نے اپنی مہارت کی دھاک بٹھا دی جس کے نتیجے میں پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کو پہلے معرکے میں پانچ، ایک کی شکست کا سامنا کرنا پڑا، مہمان سائیڈ کے کپتان راڈرک نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا اور دو گولز اسکور کئے۔
کراچی کے عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں برقی روشنیوں تلے کھیلے گئے میچ کے دوران کھیل کا آغاز تیزی سے ہوا اور پانچویں منٹ میں پاکستان جونیئرز کی جانب سے عدیل لطیف نے پہلا گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو ایک، صفر سے برتری دلادی لیکن کھیل کے 33 ویں منٹ میں ورلڈ الیون کے کپتان راڈرک نے پنالٹی کارنر پر گول بنا کر اسکور ایک،ایک سے برابر کر دیا اور اس کے بعد میزبان سائیڈ کے کھلاڑی کھیل میں واپس نہیں آ سکے جب 36 ویں منٹ میں راڈرک ایک مرتبہ پھر گیند کو باکس میں پہنچا کر اسکور دو،ایک کردیا۔ میچ کے 41 ویں منٹ میں گرانٹ شوبرٹ، 45 ویں منٹ میں فلپ برونز اور 48 ویں منٹ میں ڈیوڈ ایلیگر نے گولز بنا کر ورلڈ الیون کو پانچ،ایک کے واضح فرق سے فتح دلادی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 2009ء میں چین کی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور یہ طویل عرصے کے بعد پاکستانی سرزمین پر کھیلا گیا اولین انٹرنیشنل معرکہ تھا۔ میچ سے قبل رنگارنگ افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی شرکت کی اور گراؤنڈ میں ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہاکی کی میدان ایک مرتبہ پھر آباد ہو گئے ہیں اور حکومت سندھ آئندہ یہ سلسلہ جاری رکھنے کیلئے مکمل تعاون کرے گی۔وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کرکٹ کے بعد ہاکی کی ورلڈ الیون آئی ہے اور اس کھیل کے سونے میدان پھر سے آباد ہو گئے ہیں۔