چولستان جیپ ریلی: خواتین ڈرائیورز کی شمولیت سب کی توجہ کا مرکز بن گئی

Published On 17 Feb 2018 06:08 PM 

ملتان: (دنیا نیوز) چولستان میں جاری 13ویں جیپ ریلی میں خواتین ڈرائیورز کی شمولیت سب کی توجہ کا مرکز بن گئی۔ دلچسپ اور سنسنی خیز جیپ ریلی میں شریک خواتین کی کارکردگی نے دیکھنے والوں کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔

اسٹاک کٹیگری چولستان جیپ ریلی میں 60 ڈرائیورز نے حصہ لیا اور 210 کلومیٹر کے مشکل ٹریک پر اپنی برق رفتاری کا شاندار مظاہرہ کیا۔ تاہم خواتین کی کٹیگری میں مومل خان نے 110 کلومیٹر کے ٹریک پرعمدہ ڈرائیونگ سے شہریوں کے دل جیت لیے۔

خواتین میں ملتان کی مومل خان سب سے آگے رہیں۔ کراچی کی تشنا پٹیل اور لاہور کی عاصمہ خان نے بھی اپنی مہارت کا خوب مظاہرہ کیا۔ چولستان میں جاری جیپ ریلی میں سیاحوں کی تفریح کے لیے کبڈی میچ، تصویری نمائش، میوزیکل نائٹ اور آتش بازی کا بندوبست کیا گیا ہے تاہم پری پیڈ کٹیگری کا فائنل راونڈ کل ہو گا۔