ماسکو: (دنیا نیوز) فٹبال ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں ٹیموں کی ہار جیت سے پہلے ٹاپ کھلاڑیوں پر تبصرے شروع ہو گئے۔ لوکاکو، ہیزارڈ، ایمباپے اور کینٹے سمیت اصل مہروں پر نظریں جم گئیں۔
پہلے سیمی فائنل میں آج بیلجئیم کے کیون ڈی برائن کا جوڑ فرنچ کھلاڑی این گولو کینٹے سے پڑے گا۔ دونوں کی پاسنگ مہارت اور حریف ٹیم کی ڈی تک بال کو پہنچانا مشہور ہے۔ بیلجیئن سٹار رومیلو لوکاکو کا رافائل وارانے سے مقابلہ ہوگا، سینٹرل ڈیفنس کے دونوں کھلاڑی مدمقابل پر بھرپور اٹیک کرتے ہیں، 4 گول کے ساتھ خطرے کا نشان لوکاکو پنلٹی ایریا میں مخالف کھلاڑیوں کو مشکل میں ڈال دیتے ہیں۔
19 سالہ فرنچ سٹار کائلیان ایمباپے کو بیلجیئم کے جان ورٹونگھن کا اصل حریف کہا جا رہا ہے۔ آج کے مقابلے کی چوتھی تگڑی جوڑی ایڈن ہیزارڈ اور بینجامن پاوارڈ سمجھی جا رہی ہے۔ بیلجیئن سٹار ہیزارڈ کے اسٹائلش گول فٹبال پرستاروں کو نہیں بھول سکتے۔ فرانس کے 22 سالہ پاوارڈ کی ورلڈکپ اسکواڈ میں انٹری بھی حیران کن تھی جسے انہوں نے درست ثابت کیا ہے۔