فیصل آباد: نیشنل ہاکی سٹیڈیم کی عمارت زبوں حالی کا شکار

Last Updated On 20 March,2019 03:41 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں نیشنل ہاکی سٹیڈیم کی عمارت زبوں حالی کا شکار ہو گئی، زائد المیعاد آسٹرو ٹرف کھلاڑیوں کے لیے انجری کا باعث بن رہی ہے۔ ہاکی میں مستقبل نہ ہونے پر کھلاڑی مایوس ہیں تو ضلعی انتظامیہ سالہا سال سے مرمت کے لولی پاپ دے رہی ہے۔

ہاکی کے لیے زرخیز زمین کہلانے والے شہر فیصل آباد میں سٹیڈیم 2002 میں تیار کیا گیا، دیکھ بھال اور مرمت نہ ہونے کی وجہ سے کھیل کا میدان کھنڈر کا منظر پیش کر رہا ہے، ڈرین لائن مکمل طور پر برباد ہو چکی جبکہ واٹر پمپ خراب پڑے ہیں۔ 11 سال قبل اپنی مدت پوری کرنے والی آسٹر ٹرف کھلاڑیوں کے لیے بڑا خطرہ بنی ہوئی ہے۔

نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں 25 ہزار شائقین کے لیے بنائی سیٹیں، بیٹھنے کے قابل نہیں تو وہیں گرلوں کا لوہا بھی گل کر کمزور ہو گیا ہے، مرمت کروانے کی دعوے دار انتظامیہ نے بھی آنکھیں موند لیں، ڈپٹی کمشنر فنڈز نہ ہونے کا رونا روتے دکھائی دیتے ہیں۔

واضح رہے کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے جس کے فروغ کے لیے حکومت کو ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہوں گے ورنہ ہاکی کے کھلاڑی بھی ناپید ہو جائیں گے۔