ابو ظہبی: (دنیا نیوز) او آئی سی اجلاس میں کشمیری عوام کی حمایت اور پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر بھارت کے خلاف قراردادیں منظور کی گئیں۔
او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس پر دفتر خارجہ نے رد عمل جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اجلاس میں کشمیری عوام کی حمایت کا عزم دہرایا گیا، کشمیری عوام کی حمایت پر مبنی قرارداد منظور کی گئی۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی تنازع ہے، جنوبی ایشیا میں امن کیلئے کشمیر کے تنازعے کا حل ہونا ناگزیر ہے، قرارداد میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشتگردی کی مذمت کی گئی اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ عالمی برادری سیکورٹی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے، او آئی سی نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر بھارت کے خلاف بھی قرارداد منظور کی، پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں بھارتی در اندازی پر گہری تشیوش کا اظہار کیا گیا۔