کراچی: (دنیا نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی زیرصدارت سندھ کونسل کا اجلاس وزیر اعلی ہاوس میں منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ، صوبائی وزرا، ارکان سندھ اسمبلی سمیت دیگر رہنماوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ملک میں آج سلیکٹڈ حکومت ہے، آج میڈیا پر بھی حملے ہورہے ہیں، پیپلزپارٹی بہادروں کی پارٹی ہے جو صورتحال کا مقابلہ کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جن اداروں کو حقوق کا تحفظ کرنا چاہیئے وہ ان حقوق کی پامالی کر رہے ہیں، ملک میں اس وقت مسنگ پرسنگ بہت بڑا مسئلہ ہے، مائیں اپنے بچوں کو ڈھونڈنے کیلئے ماری ماری پھررہی ہیں، ملک میں اس وقت مہنگائی ایک سونامی ہے جس میں عوام ڈوب رہے ہیں۔
وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چار اپریل اور ستائیس دسمبر ہماری روحوں کو دکھاتا ہے۔ یہ پارٹی کا نہیں بلکہ ملک کا سب سے بڑا نقصان تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگلے الیکشن میں بلاول بھٹو زرداری ملک کے وزیر اعظم ہوں گے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے مخالفین اب ان سے خوفزدہ ہیں۔