اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین فریال تالپور کی گرفتاری پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے سیاسی انتقام کی ایک اور مثال قرار دیدیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جو لوگ خواتیں پر کیس بناتے ہیں، وہ بزدل لوگ ہوتے ہیں۔ عوام سے پوچھتا ہوں کہ مشرف کے اور آج کے پاکستان میں کیا فرق ہے؟ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے پرویز مشرف، ضیا الحق اور ایوب خان کا مقابلہ کیا، یہ کٹھ پتلی حکومت کیا چیز ہے۔ یہ حکومت بزدلوں کی حکومت ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ حکومت جانتی ہے ان کی اکثریت نہیں ہے۔ سیاسی گرفتاریوں سے یہ اپنی معاشی ناکامی چھپانا چاہتے ہیں۔ گرفتاریوں کا مقصد معاشی دہشت گردی سے توجہ ہٹانا ہے۔ ہماری عوام کا معاشی قتل اور سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کو گرفتار کرنے کا مقصد معاشی دہشت گردی سے توجہ ہٹانا تھا۔ حکومت نیب کو پریشرائز کرنے کے لئے مختلف ہتکھنڈے استعمال کر رہی ہے۔ نیب سابق صدر پرویز مشرف نے سیاسی انتقام کے لئے بنایا تھا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ملک پر چادر اور چار دیواری کا خیال نہ رکھنے والے بزدل حکمران مسلط ہیں۔ آپ کے گھرمیں بھی ماں، بہن اور بیٹی ہے، آپ نے ہمیشہ حکومت میں نہیں رہنا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نے نواز شریف کی حکومت گرا سکتے تھے لیکن نہیں گرایا، پیپلز پارٹی اب بھی جمہوری عمل کو رکنے نہیں دے گی۔