کراچی: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما فریال تالپور کی سندھ اسمبلی کے اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کیلئے پیش کردہ قرار داد منظور کر لی گئی جس کے بعد سپیکر سراج درانی نے اجلاس پیر 25 اگست تک ملتوی کر دیا۔
سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی زیرصدارت سندھ اسمبلی کا اجلاس آج منعقد ہوا، پیپلزپارٹی کی رکن سیدہ ماروی راشدی نے فریال تالپور کی اگلے اجلاس میں شرکت کیلئے قرارداد پیش کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ سپیکر نے16 جولائی کو پروڈکشن آرڈر جاری کیا اس کے باوجود فریال تالپور کواسمبلی نہیں لایا جا رہا۔
ایوان میں موجود پیپلزپارٹی کے دیگر اراکین نے قرارداد کے حق میں رائے دی جس پر اسے منظور کر لیا گیا۔ بعد ازاں سپیکر سراج درانی نے اجلاس پیر 25 اگست کی سہ پہر تین بجے تک ملتوی کر دیا۔ واضح رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور انکی ہمشیرہ فریال تالپور ان دنوں جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں جیل بھگت رہے ہیں۔