اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز میں آصف زرداری، فریال تالپور سمیت دیگر ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 19 ستمبر تک توسیع کر دی۔
احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج راجہ جواد عباس نے جعلی اکاونٹس کیس کی سماعت کی تاہم متعلقہ جج کی رخصت کے باعث میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی گئی۔
دوسری جانب آصف علی زرداری کو جیل میں اے سی کی سہولت نہ دینے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ آصف زرداری نے کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود اے سی اور فریج کی سہولت نہیں دی گئی۔ احتساب عدالت نے آصف علی زرداری کو سہولتیں دینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
ادھر کمرہ عدالت سے نکلتے ہوئے آصف زرداری نے پولیس اہلکار کو چھڑی سے پیچھے دھکیلتے ہوئے کہا دیکھتے نہیں ہو میری بہن پیچھے ہے۔ عدالت پیشی کے موقع پر آصف زرداری کی آصفہ بھٹو، یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر پارٹی رہنماوں کے ساتھ ملاقات بھی کرائی گئی۔