لاہور: (ویب ڈیسک):پاکستان کے باکسرعثمان وزیر نے سابق ایشین پیسیفک چیمپئن انڈونیشیا کے چیلنجر بی ایس لوپز کوچھٹے رائونڈ میں ٹیکنیکل ناک آئوٹ کرکے اپنے اعزاز ایشین باکسنگ چیمپئن اے بی ایف والٹر ویٹ ٹائیٹل کا کامیابی سے دفاع کر لیا۔ فائیٹ دس رائونڈ پر مشتمل تھی جبکہ ہر رائونڈ کا دورانیہ تین منٹ تھا۔
پیپلز سٹیڈیم لیاری میں انٹرنیشنل پروفیشنل باکسنگ ایونٹ کے مہمان خصوصی گورنر سندھ عمران اسماعیل نے عثمان وزیر کو چیمپیئن شپ کی بیلٹ پیش کی۔ اس موقع پر سابق ایشین چیمپیئن پاکستان کے لیجنڈ باکسر حسین شاہ بھی موجود تھے۔
بی ایس لوپز مقابلے کے چھٹے رائونڈ کے اختتام پر گھٹنہ مڑ جانے کی وجہ سے مقابلہ برقرار نہیں رکھ سکے اور اس موقع پر مقابلے کو ختم کرنا پڑا جس کی وجہ سے عثمان وزیر کو کامیاب قرار دیا گیا۔
فائٹ کے اختتام پر اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کرنے والے پاکستانی باکسر عثمان وزیر نے کہا کہ میری جیت پاکستان کی جیت ہے، تمام پاکستانیوں نے میری کامیابی کے لئے دعاکی۔۔ پاکستان کے لئے پہلا یوتھ ورلڈ ٹائٹل جیتنے کے لئے پرعزم ہوں، آج کی فائٹ میں باکسنگ لیجنڈ حسین شاہ کی موجودگی سے میرا مورال بہت بلند ہوا۔
مہمان خصوصی گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ بی ایس لوپز ٹیکنیکل ناک آئوٹ ہوگئے اور امید یہ ہی تھی کہ عثمان وزیر فائیٹ جیت جائیں گے۔ انہوں نے عثمان وزیر کو ایک لاکھ روپے بطورانعام دینے کا بھی اعلان کیا۔
باکسنگ لیجنڈ حسین شاہ نے کہا کہ مجھے امید تھی کہ یہ فائیٹ عثمان شاہ جیت جائیں گے اور اس بات کی بھی توقع ہے کہ مستقبل میں عثمان وزیر پاکستان کے مختلف ٹائیٹل جیت کر ملک کا نام مزید روشن کریں گے۔
قبل ازیں انڈر کارڈ فائٹس میں شیڈول کے مطابق پہلی فایٹ ٹیم وزیر کے اسد اللہ نے جیت لی، اسد اللہ نے اپنے حریف اسامہ ملک کو 31 کے مقابلے میں 40 پوائنٹس سے شکست دی۔
دوسری فائٹ میں مری کے سکندر عباسی اور لیاری کے نعمان کے درمیان زبردست جوڑ پڑا اورسکندر عباسی نے لیاری بوائے نعمان کو دوسرے رائونڈ میں ناک آئوٹ کیا جبکہ ایک اور فائیٹ میں ظہور عباس نے عقیل عباس کو پہلے ہی رائونڈ میں ناک آئوٹ کردیا۔
پاکستان کے شہیر آفریدی اور افعانستان کے احمد سمیر کے درمیان مقابلہ اسپلٹ ڈراہوگیا۔کو مین ایونٹ میں پاکستان کے کامران وہاب نے افغانستان کے عبداللہ کو ناک آئوٹ کیا جبکہ دوسرے کو مین ایونٹ میں پاکستان کے آصف ہزارہ نے انڈونیشیا کے جیک کو آئوٹ کلاس کرکے فائیٹ میں کامیابی حاصل کی۔۔
یاد رہے کہ انٹرنیشنل باکسنگ ایونٹ میں پاکستان، افغانستان اور انڈونیشیا کے باکسرز نے حصہ لیا۔