عالمی شہرت یافتہ بھارتی باکسر میری کام کے بنگلے میں چوری

Published On 28 September,2025 11:27 am

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت کی عالمی شہرت یافتہ باکسر میری کام کے بنگلے میں لاکھوں مالیت کی چوری ہو گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اس وقت میری کام میگھالیہ میں ایک میراتھن ایونٹ میں حصہ لے رہی تھیں جب ان کے گھر میں چوری ہوئی۔

پولیس حکام کے مطابق ان کا دو منزلہ بنگلہ کئی دنوں سے بند تھا، اس دوران نامعلوم افراد گھر میں داخل ہو کر کئی لاکھ روپے کے قیمتی سامان اور ٹی وی چرا کر لے گئے، سی سی ٹی وی فوٹیج میں مشتبہ افراد کو قیمتی اشیاء، بشمول ٹی وی، اٹھاتے ہوئے دیکھا گیا، فوٹیج کی جانچ اس وقت حکام کر رہے ہیں تاکہ ملزمان کی شناخت کی جا سکے۔

میری کام نے بتایا کہ انہیں پڑوسیوں نے اس ڈکیتی کے بارے میں اطلاع دی، میں خوفزدہ اور پریشان ہوں کیونکہ آج مجھے دہلی واپس آنا تھا، پڑوسیوں نے بتایا کہ یہ واقعہ 24 ستمبر کو ہوا، میں نے پولیس کو اطلاع دے دی ہے، نقصان کی صحیح تفصیلات گھر پہنچنے کے بعد ہی معلوم ہوں گی۔

فرید آباد پولیس نے واقعہ کے بعد چھ الگ ٹیمیں تشکیل دی ہیں تاکہ ملزمان کو گرفتار کیا جا سکے۔

میری کام باکسنگ کی تاریخ میں پہلی خاتون باکسر ہیں جنہوں نے چھ عالمی ٹائٹلز جیتے ہیں، وہ پانچ مرتبہ ایشین چیمپیئن رہ چکی ہیں اور بھارت کی پہلی خاتون باکسر ہیں جنہوں نے 2014 کے ایشین گیمز میں سونے کا تمغہ جیتا۔