گالف سٹار ٹائیگر ووڈ کی طبیعت میں بہتری، ہسپتال سے گھر منتقل

Published On 17 March,2021 07:07 pm

لاس اینجلس: (دنیا نیوز) دنیائے گالف کے سٹار کھلاڑی ٹائیگر ووڈ کار حادثے میں زخمی ہونے کے بعد ہسپتال میں زیر علاج تھے، تاہم انھیں طبیعت میں بہتری کے بعد گھر منتقل کر دیا گیا ہے۔

27 فروری کے روز ٹائیگر ووڈ کو پیش آنے والا یہ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ ان کار بے قابو ہو کر دور جا گری تھی، اس ٹریفک ایکسیڈنٹ میں ان کی ٹانگ ٹوٹ گئی تھی جبکہ جسم کے دیگر حصوں میں بھی شدید چوٹیں اور زخم آئے تھے۔

حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں تھیں جنہوں نے ٹائیگر ووڈ کو گاڑی سے زخمی حالت میں نکال کر ایمبیولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا۔ سابق امریکی صدور ڈونلڈ ٹرمپ اور باراک اوباما نے سٹار کھلاڑی کیساتھ پیش آنے والے حادثے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی تھی۔

ٹائیگر ووڈ کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری مداحوں کیلئے بیان میں کہا گیا ہے کہ میں یہ بات بتاتے ہوئے بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں کہ میں گھر واپس آ چکا ہوں، اور میری صحت میں روز بروز بہتری آ رہی ہے۔ انہوں نے اپنی ٹویٹ میں صحتیابی کیلئے دعا کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔
 

Advertisement