رونالڈو عالمی کپ سمیت یورو فٹبال چیمپئن شپ 2024 تک کھیلنے کے خواہشمند

Published On 22 September,2022 11:58 am

لزبن:(ویب ڈیسک) پرتگال کے بین الاقوامی شہرہ آفاق فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے اپنی توجہ 2024 کی یورپین فٹبال چیمپئن شپ کھیلنے پر مرکوز کرلی۔

پانچ بار بیلن ڈی اور جیتنے والے 37 سالہ کرسٹیانو رونالڈونے حال ہی میں ورلڈ کپ کے بعد بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائر ہونے کا امکان ظاہر کیا تھا، 37 سالہ پرتگال اور مانچسٹر یونائیٹڈ کے فارورڈ کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ان کا جلد ہی فٹ بال سے ریٹائر ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

لزبن میں پرتگالی فٹ بال فیڈریشن (ایف پی ایف) کے کوئنس ڈی اورو ایوارڈز میں ٹرافی حاصل کرنے کے بعد کرسٹیانو رونالڈو نے کہا کہ میرا سفر ابھی ختم نہیں ہوا اور آپ کو ’کرس‘ کو مزید کچھ عرصہ تک برداشت کرنا پڑے گا۔

کرسٹیانو نے کہا کہ وہ آئندہ فیفا ورلڈ کپ کے بعد بھی بین الاقوامی فٹ بال کھیلنا جاری رکھنا چاہتے ہیں، قومی ٹیم کے سب سے زیادہ گول سکورر بننے کے لئے عالمی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ سمیت یورو فٹ بال چیمپئن شپ کا حصہ بننا چاہتا ہوں۔

یاد رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو کو 189 میچوں میں پرتگال کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے اور اس دوران انہوں نے 117 گول سکور کر رکھے ہیں۔

فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے مزید کہا کہ وہ ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ 2022 جو قطر میں شیڈول ہے میں اپنے ملک کے لیے اپنے 10 ویں بڑے بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں کھیلنے کی توقع کررہا ہوں، پرتگال کی فٹ بال ٹیم اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز 24 نومبر کو گھانا کے خلاف میچ سے کرے گی۔

 

Advertisement