لاہور : (دنیانیوز) پاکستان کی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا ، نائلہ نے 8091 میٹر اونچی دسویں بلند ترین چوٹی اناپورنا کو سر کر لیا۔
نائلہ کیانی دنیا کی دسویں بلند ترین چوٹی اناپورنا سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئی ہیں ، وہ پیر کی صبح نیپال میں واقع ماؤنٹ انا پورنا کے ٹاپ پر پہنچیں، انہوں نے پاکستانی کوہ پیماشہروز کاشف کے ساتھ ہی انا پورنا کو سمٹ کیا۔
اس 6 رکنی ٹیم میں دو پاکستانی کوہ پیماؤں کے ساتھ بھارت کے ارجن واجپائی بھی شامل تھے۔
نائلہ کیانی اس سیزن میں ماؤنٹ ایورسٹ اور لوٹسے بھی سر کریں گی۔
اس سے قبل نائلہ نے دنیا کے 13ویں بلند ترین پہاڑ گاشر برم ٹو کو فتح کرکے پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا ، وہ پہلی کوہ پیما بھی ہیں جنھوں نے اپنی پہلی مہم میں ہی آٹھ ہزار میٹر کی چوٹی فتح کی تھی ۔
یہ بھی پڑھیں :شہروزکاشف دنیا کی 11 بلند ترین چوٹیاں سر کرنیوالے کم عمر کوہ پیما بن گئے
واضح رہے کہ نائلہ 8 ہزار میٹر سے بلند 4 چوٹیاں سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں، وہ کے ٹو، گیشربرم ون اور گیشربرم ٹو سر کرچکی ہیں۔
نائلہ کیانی کا تعلق صوبہ پنجاب میں راولپنڈی شہر کے علاقے گجر خان کے ایک قدامت پسند خاندان سے ہے، انھوں نے ایرو سپیس انجینئرنگ کی تعلیم برطانیہ سے حاصل کر کے اپنے اس شعبے میں بھی کام کررکھا ہے ۔
دسمبر 2021 میں نائلہ کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کوہ پیمائی میں ان کی کامیابیوں کے اعتراف میں ایوارڈ سے بھی نوازا تھا۔