لندن : ( ویب ڈیسک ) برطانوی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ارجنٹائن کے سٹار فٹبالر لیونل میسی نے سعودی عرب کے الہلال کلب کے ساتھ معاہدے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔
معروف فٹبالر اس وقت فرانس کے کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کے لیے کھیل رہے ہیں اور پی ایس جی نے گزشتہ دنوں سعودی عرب میں چھٹیاں منانے پر انہیں 2 ہفتوں کے لیے معطل کر دیا تھا جبکہ سعودی عرب میں سیاحت کے سفیر کے طور پر ذمہ داری نبھانے پر ان پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔
پی ایس جی کی جانب سے معطلی پر امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ میسی معاہدے کی تجدید نہیں کریں گے اور کسی دوسرے کلب کے لیے کھیلنے کو ترجیح دیں گے۔
اس دوران یہ رپورٹس سامنے آئیں کہ سعودی فٹبال کلب الہلال نے میسی کو تاریخ کے سب سے زیادہ معاوضے کے معاہدوں میں سے ایک کی پیشکش کی ہے۔
برطانوی اخبار ’ ڈیلی ایکسپریس ‘ کی رپورٹ کے مطابق سعودی کلب کی جانب سے میسی کو 262 ملین پاؤنڈز ( 93 ارب روپے سے زائد) سالانہ معاہدے کی پیشکش کی گئی جو کہ فٹبال کی تاریخ کے مہنگے ترین معاہدوں میں سے ایک ہے۔
رپورٹس کے مطابق میسی سعودی کلب کی پیشکش قبول کرنے پر رضامند ہوگئے ہیں اور اس حوالے سے جلد باضابطہ اعلان بھی متوقع ہے۔