لاہور: (ویب ڈیسک ) پنجاب کے مشیر کھیل وہاب ریاض نے ہاکی اولمپئن زاہد شریف سے ملاقات کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات میں مشیر کھیل وہاب ریاض نے کہا کہ کھیلوں سے منسلک تمام ہیروز ہمارے ملک کی شان اور پہچان ہیں، زاہد شریف صاحب نے ملک کا نام عالمی سطح پر روشن کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب سپورٹس انڈومنٹ فنڈ میں ویٹرنز کے لیے خصوصی پیکج موجود ہے، پنجاب حکومت کی جانب سے ان کے لیے ماہانہ 35 ہزار روپے وظیفے کا اعلان کیا ہے۔
وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں ہم سب ان کے ساتھ ہیں، پنجاب سمیت ملک بھر کے کھلاڑیوں کی فلاح کے لیے ہمہ وقت موجود ہوں ، کھلاڑیوں کے لیے اگلے مالی بجٹ میں تاریخی پیکج لا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ اولمپئن زاہد شریف دل کے عارضہ میں مبتلا ہیں اور انہوں نے حکومت سے صحت و دیگر امور پر معاونت کی اپیل کی تھی۔
وہاب ریاض نے ان کی اپیل پر نوٹس لیتے ہوئے ماہانہ وظیفے کا اعلان کیا تھا۔