یو ایس اوپن ٹینس : اینڈی مرے سمیت 6 برطانوی کھلاڑی دوسرے راؤنڈ میں داخل

Published On 30 August,2023 10:36 am

نیویارک : (ویب ڈیسک ) یوایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں اینڈی مرے، کیمرون نوری، ڈین ایونز اور جیک ڈریپر برج سمیت تمام برطانوی کھلاڑی فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے مرد وخواتین کے سنگلز مقابلوں کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے ۔

رواں سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلے امریکا کے شہر نیویارک میں جاری ہیں۔

میگا ایونٹ میں دوسرے روز مینز سنگلز مقابلوں کے ابتدائی راؤنڈ میں اینڈی مرے نے فرانس کے حریف کھلاڑی کورینٹین موٹیٹ کو، کیمرون نوری نے روسی حریف کھلاڑی الیگزینڈر الیگزینڈرووچ شیوچینکو کو ، ڈین ایونز نے کولمبین حریف کھلاڑی دانیال گیلان ریوروس کو اور جیک ڈریپر نےمالڈووا کے رادو البوٹ کو شکست دے کر نہ صرف میگا ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا بلکہ دوسرے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

میگا ایونٹ میں بدھ کو کھیلے گئے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے پہلے راؤنڈ میں اینڈی مرے نے فرانس کے حریف کھلاڑی کورینٹین موٹیٹ کو2-6، 5-7 اور 3-6 سے شکست دے کر دوسرے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کیا جبکہ انگلینڈ کے ہی کیمرون نوری نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے روسی حریف کھلاڑی الیگزینڈر الیگزینڈرووچ شیوچینکو کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6، 2-6 اور 2-6 سے مات دی۔

ڈین ایونز نے کولمبین حریف کھلاڑی دانیال گیلان ریوروس کو سیدھے سیٹس میں 4-6، 2-6 اور 5-7 سے پچھاڑ دیا اور جیک ڈریپر نےحریف مالڈووا کے رادو البوٹ کو سٹریٹ سیٹس میں 1-6، 4-6 اور 3-6 سے شکست دے کر دوسرے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

خواتین کے سنگلز مقابلوں میں سے انگلینڈ کی کیتی بولٹر اور جوڈی برج نے بھی ابتدائی راؤنڈ میں فتح سمیٹ لی ۔