دوطرفہ تعلقات میں بہتری: سعودی فٹبال کلبز ایشین چیمپئنز لیگ کھیلنے ایران جائیں گے

Published On 05 September,2023 08:25 pm

ریاض: (ویب ڈیسک) کرسٹیانو رونالڈو، نیمار، کریم بینزیما اور ان کے سعودی عرب کے فٹ بال کلب اس سیزن میں ایشین چیمپیئنز لیگ کے میچ کھیلنے کے لیے ایران جائیں گے۔

ایشین فٹ بال کنفیڈریشن (اے ایف سی) نے سعودی عرب اور ایران کی فٹ بال فیڈریشنز کے درمیان اس ضمن میں ’سنگِ میل کی اہمیت کے حامل معاہدے‘ کی تعریف کی ہے، معاہدے کے تحت دونوں ملکوں کی ٹیمیں کوئی غیرجانبدار میدان تلاش کرنے کے بجائے اندرون ملک اور بیرون ملک میچوں میں ایک دوسرے کی میزبانی کرسکتی ہیں۔

ایشین چیمپئنز لیگ کی قرعہ اندازی 24 اگست کو ہوئی تھی، اس کے تحت براعظم ایشیا کے مغربی حصے میں پانچ میں سے تین گروپوں میں ایران اور سعودی عرب کے میچ ہوں گے۔

رونالڈو کی ٹیم النصر 19 ستمبر کو تہران میں پرسیپولیس کلب کے خلاف میچ کھیلے گی، واپسی کا میچ 27 نومبر کو الریاض میں کھیلا جائے گا۔

نیمار کی ٹیم الہلال 2 اکتوبر کو ایران میں نساجی مازندران کے خلاف میچ کھیلے گی، بینزیما کی ٹیم الاتحاد کا مقابلہ اسی روز سِپاہان سے ہوگا، سعودی عرب میں واپسی کے کھیل 12 دسمبر کو ہوں گے۔

اے ایف سی نے کہا کہ سعودی عرب، ایران اور پورے ایشیا میں پُرجوش شائقین اب کلب اور قومی فٹ بال ٹیم کی سطح پرایک ولولہ انگیز نئے باب کا انتظار کر سکتے ہیں۔

یادرہے کہ مردوں کی قومی ٹیم کی سطح پر سعودی عرب اور ایران آخری بار 2012 میں مدمقابل آئے تھے۔