فارمولہ ون ریس کے کھلاڑی مشائیل کی آٹھ گھڑیاں ساڑھے چار ملین ڈالر میں نیلام

Published On 15 May,2024 07:23 pm

جنیوا:(ویب ڈیسک ) فارمولہ ون ریس کے شہرہ آفاق کھلاڑی مشائیل شوماخر کی آٹھ گھڑیاں ساڑھے چار ملین ڈالر میں نیلام ہوئیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گھڑیوں کی نیلامی جنیوا میں کی گئی، جہاں ان کی بولی 4.4 ملین ڈالر لگائی گئی۔ ان گھڑیوں میں رولیکس، آڈیمارس پیگٹ اور پیٹیک فلپ جیسی گھڑیاں شامل تھیں۔

سات بار فارمولہ ون کے چیمپیئن شوماخر قیمتی گھڑیاں جمع کرنے کے لیے بھی مشہور ہیں، تاہم سن 2013 میں اسکیئنگ کے دوران حادثے کے شکار ہوجانے کے بعد سے وہ عوام کے درمیان نظر نہیں آئے ہیں۔

مشائیل شوماخر کے اہل خانہ نے یہ گھڑیاں 1994میں پہلی مرتبہ فارمولہ ون ڈرائیور چیمپیئن شپ جیتنے کی تیسویں سالگرہ کے موقع پر نیلامی کے لیے رکھی تھیں۔

نادر ونایاب اور قیمتی اشیاء کی نیلامی کے لیے مشہور ادارے کرسٹی کے یورپ میں گھڑیوں کے شعبے کے سربراہ ریمی گلمین نے کہاکہ تاریخی واقعات سے وابستہ ان گھڑیوں کو خریدنے والے انہیں پاکر کافی خوش تھے۔