ڈورٹمنڈ: (ویب ڈیسک) یورو کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں نیدرلینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر انگلینڈ فائنل میں پہنچ گیا ہے۔
جرمنی کے شہر ڈورٹمنڈ میں ہونے والے یورو کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں نیدرلینڈ اور انگلینڈ کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا، نیدرلینڈ نے میچ کے 7 ویں منٹ میں گول کر کے انگلینڈ کیخلاف برتری حاصل کی، نیدرلینڈزکی جانب سے زاوی سمنز نے گول سکور کیا۔
انگلینڈ کیخلاف نیدرلینڈ کی برتری زیادہ دیر برقرار نہیں رہی، انگلش کھلاڑی ہیری کین نے میچ کے 18 ویں منٹ میں پینلٹی پر شاندار گول کر کے میچ ایک ایک سے برابر کر کے دلچسپ بنا دیا، پہلے ہاف میں مقابلہ برابر رہا۔
دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کیخلاف گول کرنے کی سرتوڑ کوششیں کیں لیکن میچ کے 90 ویں منٹ میں انگلش کھلاڑی اولی ویٹکنز نے گول کرکے اپنی ٹیم کو دو ایک کی برتری دلا دی جو مقررہ وقت کے اختتام تک برقرار رہی۔
یوں انگلینڈ نے نیدرلینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر یورو کپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے، انگلش ٹیم اتوار کے روز جرمنی کے شہر برلن میں ہونے والے یورو کپ کے فائنل میں سپین سے ٹکرائے گی۔