ٹورڈی فرانس : اریٹیریا کے سائیکل سوار بینیم جرمے نے بارہواں مرحلہ جیت لیا

Published On 12 July,2024 01:15 pm

سپین : (ویب ڈیسک ) اریٹیریا کے سائیکل سوار بینیم جرمےنے ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کا بارہواں مرحلہ جیت لیا، یہ ان کی ریس میں تیسری سٹیج فتح ہے۔

سپین سے ٹورڈی فرانس سائیکل ریس کے 111 ویں ایڈیشن کا آغاز ہوچکا ہے جس میں دنیا بھر کی سائیکلنگ کی 22ٹیموں کے نامور سائیکل سوار ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔

ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کے 12ویں مرحلے میں سائیکل سواروں نے فرانس میں اوریلاک سے ولینیوسر لاٹ تک کا 203.6 کلو میٹر فاصلہ طے کرنا تھا، 24 سالہ اریٹیریا کے سائیکل سوار بینیم جرمے نے عمدہ سائیکلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ فاصلہ 4گھنٹے 17منٹ اور15 سیکنڈزمیں طے کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

وہ اس سے قبل ریس کا تیسرا اور آٹھواں مرحلہ جیت چکے ہیں۔

29 سالہ بیلجیئم کے سائیکلسٹ واؤٹ وین ایرٹ نے دوسری جبکہ30 سالہ جرمنی کے سائیکل سوار پاسکل ایکرمین نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

25 سالہ سلووینیا کے سائیکلسٹ تڈیج پوگاآر نے چوتھا مرحلہ جیتنے کے ساتھ ساتھ ایکواڈور کے سائیکل سوار سے یلو جرسی چھین لی تھی جس پر ان کا تاحال قبضہ برقرار ہے۔

ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس 21 مرحلوں پر محیط ہے جس میں سائیکل سوار 3,498کلو میٹر کا سفر طے کریں گے ، ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس میں 22 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے ایکشن میں ہیں ،یہ ریس 24 روز جاری رہنے کے بعد 21 جولائی کو اختتام پذیر ہوگی۔

ریس میں ٹیم جمبو ویزما کے ڈینش سائیکل سوار جوناس ونجیگارڈ راسموسن اپنے اعزاز کا دفاع کے لئے کوشاں ہیں۔

ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کا پہلا ایڈیشن 1903میں ہوا جو فرانسیسی سائیکل سوار مورس فرانسس گارین نے جیتا تھا۔