میامی : (دنیانیوز) فٹبال ورلڈکپ 2022 جیتنے کے بعد ارجنٹینا کوپا امریکا کا بھی فاتح بن گیا، ارجنٹینا نے یہ اعزاز 16 ویں بار اپنے نام کیا ہے ۔
امریکی ریاست میامی کے ہارڈ راک سٹیڈیم میں کھیلے جانیوالے کوپا امریکا کے فائنل میچ میں ارجنٹینا نے کولمبیا کو ایک صفر سے شکست دیدی ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں گول سکور کرنے میں ناکام رہیں جبکہ دوسرے ہاف کے 64ویں منٹ میں ٹخنے کی انجری کے باعث کپتان لیونل میسی کو میدان سے باہر جانا پڑا اور اس اہم موقع پر ٹیم کے ساتھ نہ کھیلنے پر میسی بینچ پر روتے رہے۔
میچ کے سیکنڈ ہاف میں 37 سالہ سپر سٹار کپتان لیونل میسی زخمی ہوگئے جس کے بعد ان کے ساتھیوں نے میچ سنبھالا اور آگے بڑھے ۔
ارجنٹائن نے آخر کار 112 ویں منٹ میں کوپا امریکہ کے ٹاپ اسکورر لاؤٹارو مارٹینز کے گول پر کامیابی حاصل کی۔
اس جیت کے بعد ارجنٹائن وہ پہلا ملک بن گیا ہے جس نے لگاتار دو کوپا امریکہ اور ان کے درمیان ورلڈ کپ جیتا ہے, اس کے علاوہ میسی ارجنٹینا کے لیے سب سے زیادہ فائنل کھیلنے والے کھلاڑی بھی بن گئے، وہ 9 بار بین الاقوامی فائنلز میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی کولمبیا کے جیمز روڈریگوئز کو دیا گیا جبکہ بہترین گول کیپر ارجنٹینا کے ایمی مارٹینیز قرار پائے۔
اس سے قبل میسی کی قیادت میں ارجنٹینا نے 2021ء کے کوپا امریکا فائنل میں برازیل کو شکست دے کر ٹائٹل جیتا تھا، اس کے بعد 2022ء کے فیفا ورلڈ کپ فائنل میں فرانس کو شکست دی اور اب کوپا امریکا 2024ء جیت کر میسی نے اپنے کریئر میں ایک اور بین الاقوامی ٹرافی کا اضافہ کرلیا ہے۔