پیرس: (ویب ڈیسک) پیرس اولمپکس 2024ء میں پہلے مقابلے میں شکست سے دلبرداشتہ ہو کر خوبرو تیراک لوانا الونسو نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیراگوئے کی 20 سالہ خوبرو تیراک لوانا الونسو نے پیرس اولمپکس 2024ء کے 100 میٹر بٹر فلائی سوئمنگ کے مقابلے میں حصہ لیا لیکن وہ ناکام ثابت ہوئیں، پہلے ہی راؤنڈ میں ہار سے دلبرداشتہ خوبرو سوئمر نے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کر دیا۔
100 میٹر بٹر فلائی سوئمنگ کے مقابلے میں پیراگوئین سٹار چھٹے نمبر پر تھی اور جارجیائی اینا نزارادزے سے 0.24 سیکنڈ پیچھے رہی، جس کا مطلب ہے کہ انہوں نے بہت کم فرق سے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے کا موقع گنوا دیا۔
یہ بھی پڑھیں: پیرس اولمپکس میں شامل پرکشش خواتین کھلاڑی، ہرایک کی توجہ کا مرکز
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر 20 سالہ تیراک لوانا الونسو اپنی خوبصورتی کی وجہ سے خاصی مقبول ہیں، انسٹاگرام پر 3 لاکھ 9 ہزار سے زیادہ لوگ ان کے مداح ہیں، سوشل میڈیا پر اچانک سوئمنگ کو الوداع کہنے کے پیغام نے مداحوں کو چونکا کر رکھ دیا ہے۔
ایک میڈیا انٹرویو میں لوانا الونسو نے کہا کہ میں نے تیراکی سے ریٹائرمنٹ لے لی ہے جس پر پیراگوئے سے معذرت خواہ ہوں، میں اولمپک گیمز میں اپنے کیریئر کے اختتام پر خوش ہوں، یہ میری آخری ریس تھی، میں طویل عرصے سے تیراکی کر رہی تھی۔
واضح رہے کہ لوانا الونسو نے 17 سال کی عمر میں ٹوکیو 2020ء اولمپکس میں حصہ لیا اور اس کے بعد بڈاپیسٹ میں ہونے والی ورلڈ ایکواٹکس چیمپیئن شپ اور آسنسیون 2022ء میں جنوبی امریکن گیمز میں بھی شرکت کی تھی۔