پشاور : (دنیانیوز ) اولمپکس چیمپئن ارشد ندیم نے کہا ہے کہ پوری قوم کی دعاؤں کی بدولت عالمی ریکارڈ قائم کیاہے ۔
اولمپکس چیمپئن ارشد ندیم نے گورنر ہاؤس پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کوجشن آزادی مبارک ہو، اولمپکس میں جیت پروالدین اورپوری عوام کامشکور ہوں، گورنرہاؤس میں اتنی عزت دی، پشاور کے عوام کا مشکور ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم کی دعاؤں کی بدولت عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے، گورنر خیبرپختونخوا کا شکر گزارہوں بھر پور طریقے سے استقبال کیا ہے ، جتنی محنت کی تھی اس کا صلہ ملا ہے ۔
ارشد ندیم نے کہا کہ عوام کی عزت کھلاڑی کو حوصلہ دیتی ہے ، میں ایک اچھا کرکٹر تھا باقی دیگر کھیل بھی کھیلے ہیں، بھائی نے کہا کہ کرکٹ میں آگے جانا مشکل ہوگا اس لئے ایتھلیکٹس میں آیا، ایک کھلاڑی کے لیے عوام کی محبت ہی حوصلہ افزائی ہوتی ہے ، کرکٹ، فٹبال، کبڈی کاکھلاڑی بھی رہاہوں، ایتھلیٹکس کا آغاز 2012 میں کیا۔
ارشد ندیم نے کہا کہ میں 2012 سے 2015تک پورے پنجاب سے جیتا، میرے استاد نے بہت محنت کی ، پنجاب سپورٹس بورڈ نے بہت مدد کی ، کھلاڑی کے کیرئیر کا آغاز تب ہوتا جب انہیں کوئی نوکری دے، 10 بار پاکستان کا ریکارڈ توڑا ہے ، 2019 میں ساؤتھ ایشن گیمز میں بہت کامیابیاں ملیں۔
اس سے قبل عالمی ریکارڈ یافتہ ارشد ندیم کی گورنرخیبرپختونخوا کے ساتھ ملاقات ہوئی ، گورنر خیبرپختونخوا نے ارشد ندیم کو مبارکباد دی جبکہ چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس نے بھی ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کی ۔