لاہور: (ویب ڈیسک) صدرپاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) طارق بگٹی نے انکشاف کیا ہےکہ قومی ہاکی ٹیم ادھار کی ٹکٹوں پر ایشین ہاکی چیمپئن شپ کے لیے چین گئی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق بگٹی کا کہنا تھا کہ ہمیں دلاسہ دیا گیا ہے کہ پیسہ مل جائے گا، ہاکی پر توجہ کی ضرورت ہے، وزیراعظم شہباز شریف ہاکی کے لیے خصوصی گرانٹ دیں۔
طارق بگٹی کا کہنا تھا کہ روایتی حریف بھارت سے مقابلہ ٹف ہوگا، وہ رینکنگ میں پاکستان سے بہتر ہیں، پی ایچ ایف کی رٹ قائم کرنے کے لیے اگلے ہفتے کراچی جائیں گے، ایدھی ہاکی سٹیڈیم کا چارج واپس لے کر فیڈریشن کی رٹ قائم کروں گا۔
طارق بگٹی کا کہنا تھا کہ آئی جی سندھ کو ایدھی ہاکی سٹیڈیم کا چارج لینےکے لیے خط لکھ رہے ہیں، متوازی فیڈریشن بنانے والوں کے خلاف ایکشن لینے کی کانگریس نے منظوری دی ہے۔