اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ساف جونیئر اتھلیٹکس چیمپئن شپ 11 ستمبر سے بھارت کے شہر چنائی میں کھیلی جائے گی۔
ساؤتھ ایشیا اتھلیٹکس فیڈریشن کے چیئرمین میجر جنرل ریٹائرڈ محمد اکرم ساہی نے بتایا کہ چیمپئن شپ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، چیمپئن شپ میں 7 ممالک کی مرد اور خواتین کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پاکستان سمیت میزبان بھارت، مالدیپ، نیپال، بھوٹان، بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ٹیمیں شامل ہیں۔
چیمپئن شپ میں مردوں اور خواتین کے پندرہ، پندرہ کیٹگریز کے مقابلے رکھے گئے ہیں، مردوں کے ایونٹ میں 100 میٹر ریس، 200 میٹر ریس، 400 میٹر ریس، 800 میٹر ریس، 1500 میٹر ریس، تین ہزار میٹر ریس، 110 میٹر رکاوٹی ریس، لونگ جمپ، ٹرپل جمپ، ہائی جمپ، شاٹ پٹ، ڈیسک تھرو، جیولین تھرو، 4×100 میٹر ریلے اور 4×400 میٹر ریلے شامل ہیں۔
خواتین کے مقابلوں میں 100 میٹر ریس، 200 میٹر ریس، 400 میٹر ریس، 800 میٹر ریس، 1500 میٹر ریس، تین ہزار میٹر ریس، 100 میٹر رکاوٹی ریس، لونگ جمپ، ٹرپل جمپ، ہائی جمپ، شاٹ پٹ، ڈیسک تھرو، جیولین تھرو، 4×100 میٹر ریلے اور 4×400 میٹر ریلے شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ 13 ستمبر تک جاری رہے گی اور چیمپئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔