چائنا اوپن: جیسکا پیگولا، کوکوگف اورشوائی ژینگ ٹاپ 16راؤنڈ میں پہنچ گئیں

Published On 30 September,2024 11:24 am

بیجنگ : (ویب ڈیسک ) امریکا کی نامور ٹینس سٹار اور ایونٹ کی سیکنڈ سیڈڈ جیسکا پیگولا، امریکی ٹینس سٹار کوکوگف اور چین کی ٹینس سٹار شوائی ژینگ چائنا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں خواتین کے سنگلز مقابلوں کے پری کوارٹر فائنل راؤنڈ میں پہنچ گئیں ۔

چین کے دارالحکومت بیجنگ میں جاری چائنا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں خواتین کے سنگلز مقابلوں کے تیسرے راؤنڈ میں امریکی ٹینس کھلاڑی جیسکا پیگولانے روسی کی ویرونیکا ایڈورڈونا کدرمیٹووا کو7-6(11-9)،1-6، اور 2-6 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا ۔

جہاں ان کا مقابلہ ہسپانوی حریف کھلاڑی پاؤلا بدوسا گیبرٹ سے ہوگا۔

امریکا کی ہی ٹینس سٹار کوکوگف نے تیسرے راؤنڈ کی رکاوٹ عبور کرلی، انہوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 28 سالہ برطانوی کھلاڑی کیٹی بولٹر کو سٹریٹ سیٹس میں 5-7 اور 2-6 سے شکست دے کر ٹاپ 16 راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

ایک اور میچ میں چین کی ٹینس سٹار شوائی ژینگ نے تیسرے راؤنڈ میں بیلجیئم کی حریف کھلاڑی گریٹ مینن کو سٹریٹ سیٹس میں 2-6 اور 3-6 سے ہرا کر ٹاپ 16 راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔