ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ: ارشد ندیم نے جیولن تھرو کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

Published On 30 May,2025 07:17 am

سیئول: (دنیا نیوز) پاکستان کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے جیولن تھرو فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

جنوبی کوریا میں ایشین ایتھلیٹکس کے جیولن تھرو کوالیفائنگ راؤنڈ کے گروپ اے میں ارشد ندیم نے پہلی باری میں 86.34 میٹر کی تھرو کی، دوسری جانب بھارتی کھلاڑی یش نے پہلی باری میں 76.67 میٹر کی تھرو کی، پاکستان کے یاسر سلطان نے بھی فائنل میں جگہ بنا لی، یاسر سلطان نے 76.07 میٹر کی تھرو کی۔

کوالیفائنگ راؤنڈ کی پہلی باری میں ارشد ندیم نے 86.34 کی سب سے لمبی تھرو کی جس کے ساتھ انہوں نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا، ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں جیولین تھرو کا فائنل (کل) 31 مئی کو ہوگا۔

واضح رہے کہ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کے مقابلوں میں نیا اولمپک ریکارڈ قائم کرتے ہوئے طلائی تمغہ حاصل کیا تھا، انہوں نے یہ کارنامہ 92.97 میٹر فاصلے پر نیزا پھینک کر سرانجام دیا جو ان کے کیریئر کی بہترین کارکردگی بھی ہے۔