ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کا ٹائٹل ارشد ندیم کے نام، گولڈ میڈل لے اڑے

Published On 31 May,2025 02:25 pm

سیئول: (دنیا نیوز) اولمپک گولڈ میڈلسٹ جیولن تھرور ارشد ندیم نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں بھی گولڈ میڈل حاصل کر لیا۔

پاکستان کے یاسر سلطان نے پہلی باری میں 70.53 میٹر کی تھرو کی، یاسر سلطان کی دوسری تھرو 75.39 میٹر کی رہی جبکہ تیسری کوشش میں یاسر سلطان نے 75.50 میٹر کی تھرو کی۔

پاکستان کے ارشد ندیم نے پہلی تھرو 75.64 میٹر کی پھینکی جبکہ دوسری کوشش میں ارشد ندیم کی تھرو 76.80 میٹر کی رہی، ارشد ندیم نے تیسری کوشش میں 85.57 میٹر کی تھرو پھینکی، ارشد ندیم نے چوتھی کوشش میں 83.99 میٹر کی تھرو پھینکی۔

چوتھے راؤنڈ کے اختتام پر ارشد ندیم چارٹ پر پہلے نمبر پر موجود رہے جس کے بعد انہوں نے اپنی آخری تھرو 86.40 میٹر لمبی پھینکی اور بلآخر گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا، ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ جیولن تھرو کے فائنل مقابلے میں بھارت کے سچن یادو دوسرے نمبر پر رہے۔

واضح رہے کہ ارشد ندیم نے 86 اعشاریہ 34 میٹر کی تھرو کر کے فائنل میں جگہ بنائی تھی، قومی ایتھلیٹ یاسر سلطان نے بھی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا، بھارتی کھلاڑی یش ویر سنگھ نے 76 اعشاریہ 67 میٹر کی تھرو کی تھی۔

سیاسی قیادت کی ارشد ندیم کو مبارکبادیں

اولمپک گولڈ میڈلسٹ جیولن تھرور ارشد ندیم کو ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں بھی گولڈ میڈل حاصل کرنے پر سیاسی قیادت کی جانب سے مبارکبادیں پیش کی گئی ہیں اور نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا گیا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ارشد ندیم کو ایشین ایتھلیٹکس چیمپین شپ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ارشد ندیم نے جیولن تھرو کے کھیل میں ایک بار پھر پاکستان کا نام روشن کیا، ارشد ندیم نے فائنل سمیت پوری چیمپئن شپ میں بہترین کھیل پیش کیا۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ ارشد ندیم کی اس شاندار جیت پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، پوری قوم کو ارشد ندیم کی شاندار کارکردگی پر فخر ہے، مستقبل میں بھی ارشد ندیم کی کامیابیوں کیلئے دعا گو ہوں۔

وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ جیتنے پر ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاندار فتح پر ارشد ندیم اور پوری قوم کو مبارکباد! ارشد ندیم قوم کا سر فخر سے بلند کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ ارشد ندیم کی شاندار کارکردگی کی بدولت سبز ہلالی پرچم کی شان بڑھی، ارشد ندیم کی محنت، لگن اور شاندار کامیابی نوجوان ایتھلیٹس کیلئے ایک قابل تقلید مثال ہے، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ مستقبل میں آپ کی کامیابیوں کا یہ سلسلہ جاری رہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ارشد ندیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ الحمدللہ! پاکستان کے لیے ہر میدان سے خوشیوں اور خوش خبریوں کی ہوا چل پڑی ہے، ارشد ندیم کے نیزے کے ساتھ قوم کی دعائیں اور امیدیں بلند ہوئیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ ارشد ندیم اور یاسر سلطان کی کامیابی کے تسلسل کے لیے نیک تمنائیں ان کے ساتھ ہیں، ارشد ندیم نے گولڈ میڈل کے ساتھ قوم کے دل بھی جیتے، تاریخ بھی جیتی۔

مریم نواز نے کہا ہے کہ ارشد ندیم اور یاسر سلطان جیسے ہیروز ہمارے نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں، ارشد ندیم اور یاسر سلطان نے دنیا کو بتایا کہ اگر ریاست ساتھ دے تو پاکستانی نوجوان کسی بھی چوٹی کو سر کر سکتے ہیں، حکومت پنجاب نوجوانوں کو ہر ممکن سہولیات دے رہی ہے تاکہ وہ دنیا میں پاکستان کا پرچم بلند کریں۔

محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ شاباش ارشد ندیم شاباش! ہمیں آپ پر ناز ہے، ارشد ندیم کی جیت پر ان کے کوچ اور اہلخانہ کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

محسن نقوی نے کہا ہے کہ ارشد ندیم پاک دھرتی کا سپوت ہے اور آج ارشد ندیم نے ایک بار پھر ہر پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا، ارشد ندیم پاکستان کا ہیرو ہے اور قوم اس کامیابی پر بہت خوش ہے، ارشد ندیم کی جیت سخت محنت، لگن اور کمٹمنٹ کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ تاریخی کامیابی پر ہر پاکستانی مسرور ہے اور قوم کو پاکستان کے باصلاحیت بیٹے پر فخر ہے، ارشد ندیم نے جنوبی کوریا میں پاکستان کا نام روشن کرکے سب کے دل جیت لیے، بھارت سمیت دیگر ممالک کے ایتھلیٹس کو ہرا کر چیمپئن شپ جیت کر قومی پرچم کو بلند کرنا بہت بڑا اعزاز ہے۔

ارشد ندیم کا تعلق واپڈا سے ہونے پر فخر ہے: چیئرمین واپڈا
چیئرمین واپڈا اور واپڈا سپورٹس بورڈ کے پیٹرن انچیف لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) نے ارشد ندیم کومبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا پرچم سر بلند کرنے والے ارشد ندیم کا تعلق واپڈا سپورٹس بورڈ سے ہونے پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ واپڈا کے کھلاڑی عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں، واپڈا ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لئے کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا۔