ڈیلاس: (ویب ڈیسک) ٹیکساس میں ہونے والی سالانہ یو ایس جونیئر ایمیچر گالف چیمپئن شپ 2025 میں پاکستان کے نوجوان سٹار سعد حبیب ملک نے دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔
نوجوان گالفر سعد حبیب ملک نے عالمی مقابلے میں دوسری پوزیشن حاصل کرکے تاریخ رقم کر دی، اس عالمی ایونٹ میں دنیا بھر سے 33 ممالک کے 200 سے زائد گالفرز نے شرکت کی، سعد حبیب ملک پاکستان کی نمائندگی کرنے والے واحد کھلاڑی تھے۔
یہ مقابلہ 25 تا 27 جولائی 2025 تک سیڈر کریسٹ گالف کورس ڈیلاس میں منعقد ہوا، جہاں 2 پلس یا اس سے کم ہینڈی کیپ رکھنے والے گالفرز نے کوالیفائنگ راؤنڈز کے ذریعے شرکت کا اعزاز حاصل کیا، اس عالمی معیار کے گالف کورس کی ریٹنگ 73.2 اور سلوپ 131 ہے اور شدید گرمی و نمی کے ماحول نے بھی گالفرز کے لیے چیلنجز بڑھا دیئے۔
سعد حبیب ملک نے شروع کے راؤنڈ میں مشکلات کا سامنا کیا، لیکن دوسرے اور تیسرے راؤنڈ میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے بالترتیب چار انڈر پار اور پانچ انڈر پار کا اسکور کیا، جس میں کئی برڈیز شامل تھیں، خاص طور پر ہول 13، 14 اور 15 پر تین مسلسل برڈیز نے انہیں نمایاں پوزیشن دلوائی۔
سعد نے پانچ انڈر پار اسکور کے ساتھ امریکی کھلاڑی سیم بریور سے ٹائی کیا، تاہم کاؤنٹ بیک فارمولے کے تحت انہیں رنر اپ پوزیشن دی گئی۔ ان کی اس شاندار کارکردگی نے انہیں پاکستان کا ابھرتا ہوا گالف اسٹار ثابت کیا۔
اس سال چیمپئن شپ میں امریکا کے 186 کھلاڑیوں کے علاوہ کینیڈا، برطانیہ، بھارت، چین، قطر، تھائی لینڈ، آسٹریلیا اور مجموعی طور پر 33 ممالک کے نوجوان گالفرز شامل تھے۔