الماتی : (ویب ڈیسک) پاکستان کے مہاد خان اور سارہ امین خان نے قازقستان جونیئر اوپن گالف چیمپئن شپ 2025 میں بوائز اور گرلز ٹائٹل جیت لیے۔
چیمپئنز کا تاج اپنے نام کرنے والے ابھرتے ہوئے گالف اسٹارز نے زیلجاو گالف کلب، الماتی میں منعقدہ قازقستان جونیئر اوپن گالف چیمپئن شپ 2025 میں تاریخی کارکردگی پیش کی۔
مہاد خان نے بوائز اور سارہ امین خان نے گرلز کیٹیگری میں فتح حاصل کی، بوائز ایونٹ میں مہاد خان نے غیر معمولی مہارت اور مستقل مزاجی کا مظاہرہ کر کے دیگر کو پیچھے چھوڑدیا۔ پاکستان ہی کی نمائندگی کرنے والے زید عمر ارشد رنر اپ رہے، گرلز ایونٹ میں سارہ امین خان نے اپنی سبقت دکھا کر وننگ ٹرافی اپنے نام کی۔
مہاد خان نے طویل ترین ڈرائیو کا بھی اعزاز حاصل کیا جبکہ زید عمر ارشد نے پن کے قریب ترین شاٹ کھیلی۔
دریں اثنا پاکستان گالف فیڈریشن کے صدر اور سیکریٹری میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی ہے، انہوں نے اس فتح کو 14 اگست کو قوم کے لیے یوم آزادی کا ایک خوبصورت تحفہ قرار دیا۔