ٹوکیو: (دنیا نیوز) پاکستان کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپین شپ میں جیولن تھرو کے فائنل میں میڈل کی دوڑ سے باہر ہوگئے۔
ٹوکیو میں ہونیوالے ورلڈ ایتھلیٹس چیمپین شپ کے فائنل میں پاکستان کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے 82.73 میٹر کی پہلی تھرو کی ان کی دوسری تھرو ضائع ہوگئی جب کہ تیسری باری میں وہ 83.75 میٹر کی تھرو ہی کرسکے تاہم ارشد ندیم ان کی چوتھی تھرو بھی فاول ہوگئی۔
جیولن تھرو کے ابتدائی 3 راؤنڈز میں ٹاپ 8 ایتھلیٹس ہی اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرتے ہیں، تاہم ارشد ندیم ٹاپ 8 میں جگہ بنانے میں ناکام رہے، وہ فائنل کے پہلے مرحلے میں ہی میڈل کی دوڑ سے باہر ہوگئے۔
— Islamabad Insider (@IslooInsider) September 18, 2025
بھارت کے نیرج چوپڑا نے 83.65 میٹر کی پہلی تھرو کی، نیرج چوپڑا نے دوسری بار میں 84.03 میٹر کی تھرو کی اور ان کی تیسری تھرو ضائع ہوگئی جب کہ بھارتی کھلاڑی کی چوتھی تھرو 82.86 میٹر کی رہی، انہوں نے پانچویں تھرو بھی فاول کردی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپین شپ کے کوالیفائینگ راونڈ میں پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے پہلی باری میں 76.9 کی کمزور تھرو کی اور وہ دوسری باری میں بھی لمبی تھرو نہ کرسکے، دوسری باری میں انہوں نے 74.17 میٹر کی تھرو کی۔
ابتدائی دونوں کمزور تھرو کرنے کے بعد ارشد ندیم فائنل میں نہیں پہنچ سکے تھے، تاہم تیسری تھرو میں ارشد ندیم نے 85.28 میٹر کی تھرو کر کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
اس سے قبل پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو کے مقابلے میں پاکستان کے ارشد ندیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے اولمپک کی تاریخ کی سب سے بڑی 92.97 میٹر کی تھرو کرتے ہوئے پاکستان کو 40 سال بعد اولمپک میں گولڈ میڈل جتوایا تھا۔
اولمپکس گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے لیے اعزاز ہے کہ ایشین ایتھلیٹکس فیڈریشن نے ارشد ندیم کو سال 2024 کا ایشیا کا بہترین ایتھلیٹ قرار دیا تھا، ارشد ندیم کو کوریا میں ایشین ایتھلیٹکس فیڈریشن کے اجلاس کے بعد ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔