جمیکا: (ویب ڈیسک) کیربیئن آئی لینڈ کوراساؤ اگلے سال ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے والا دنیا کا سب سے چھوٹا ملک بن گیا۔
دنیا کی چند لاکھ آبادی والے ملک کوراساؤ نے فٹبال ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کر کے اس کھیل کی دنیا میں نئی تاریخ رقم کردی، ایک لاکھ 56 ہزار افراد پر مشتمل کیربیئن آئی لینڈ کوراساؤ آبادی کے لحاظ سے فٹبال کھیلنے والا سب سے چھوٹا ملک ہے۔
کوراساؤ نے اگلے برس ہونے والے ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرکے کھیل کی نئی تاریخ رقم کردی، اس سے پہلے یہ اعزاز ساڑھے 3 لاکھ آبادی والے ملک آئس لینڈ کے پاس تھا۔
ورلڈکپ کوالیفائرز میں کوراساؤ کا مقابلہ جمیکا سے تھا جس میں جمیکا کو میگا ایونٹ کیلئے کوالیفائی کرنے کیلئے جیت کی ضرورت تھی۔
مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہنے کی وجہ سے کوراساؤ نے اگلے برس ورلڈ کپ کیلئے پہلی بار ٹکٹ کٹوا لیا اور آبادی کے لحاظ سے ورلڈکپ میں کوالیفائی کرنے والا سب سے چھوٹا ملک بن گیا۔
ورلڈکپ کوالیفائرز کے گروپ بی میں کوراساؤ 12 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر رہا، فٹبال ورلڈ کپ اگلے برس امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں ہوگا جس میں 48 ٹیمیں شرکت کریں گی۔



