خلاصہ
- چنئی: (ویب ڈیسک) ٹی 20 ورلڈ کپ کے 31 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے کینیڈا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سپر 8 کیلئے کوالیفائی کر لیا۔
چنئی میں کھیلے گئے میچ میں کینیڈا نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
کینیڈا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے، کینیڈین اوپنرز یووراج سامرہ اور کپتان دلپریت باجوہ نے شاندار آغاز فراہم کرتے ہوئے 116 رنز کی شراکت قائم کی، دلپریت باجوہ 36 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، یووراج سامرہ نے 65 گیندوں پر 110 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری، جیکب ڈفی، کائل جیمیسن اور جمی نیشم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 174 رنز کا ہدف 15.1 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا، گلین فلپس نے 76 رنز کی طوفانی اننگ کھیلی، راچن رویندرا نے 59 رنز بنائے۔
قبل ازیں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کینیڈین کپتان دلپریت باجوہ کا کہنا تھا کہ وکٹ اچھی لگ رہی ہے، بعد میں گیند سپن بھی ہوگی، جس کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔
دوسری جانب کیوی کپتان مچل سینٹنر کی گزشتہ رات سے طبیعت ناساز ہے، ان کی جگہ ڈیرل مچل نے ٹیم کی قیادت کی۔