خلاصہ
- کولمبو: (دنیا نیوز) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے 35 ویں میچ میں پاکستان نے نمیبیا کو 102 رنز سے شکست دیکر سپرایٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی پوری ٹیم 17.3 اوورز میں 97 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی، سٹینکیمپ 23 اور الیگزینڈر بسنگ وولشینک 20 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ دیگر کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکا۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) February 18, 2026
پاکستان کی جانب سے عثمان طارق نے 4، شاداب خان نے 3 جبکہ محمد نواز اور سلمان مرزا نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دیکھائی۔
قبل ازیں کولمبو کے سنہالیز سپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے صاحبزادہ فرحان کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے جبکہ شاداب خان 36 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) February 18, 2026
یہ صاحبزادہ فرحان کی پہلی ٹی 20 انٹرنیشنل سنچری ہے اور اس کے ساتھ ہی وہ احمد شہزاد کے بعد ٹی 20 ورلڈکپ میں سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بلے باز بھی بن گئے ہیں، کپتان سلمان علی آغا 38، صائم ایوب 14 اور خواجہ نافع 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
نمیبیا کی جانب سے جیک براسل نے 2 اور جرہارڈ ایراسمس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ گروپ اے سے بھارتی ٹیم پہلے ہی سپر ایٹ میں رسائی حاصل کرچکی ہے جبکہ پاکستان کی سپرایٹ میں انٹری کیساتھ امریکا کا سفر تمام ہوگیا۔