پی ایچ ایف نے قومی کھیل کی بحالی کیلئے نئی ایڈہاک کمیٹی تشکیل دیدی

پی ایچ ایف نے قومی کھیل کی بحالی کیلئے نئی ایڈہاک کمیٹی تشکیل دیدی

کمیٹی کی سربراہی کے لیے لیجنڈری اولمپیئنز حسن سردار اور اصلاح الدین کو منتخب کیا گیا ہے، جو ‘پروفیشنل ڈویلپمنٹ کمیٹی’ کی مشترکہ قیادت کریں گے، ان کی ذمہ داریوں میں قومی ٹیم کے انتخاب، تربیتی پروٹوکولز کی نگرانی اور کوچز و کھلاڑیوں کے لیے معیار کا تعین شامل ہے۔

طویل مدتی انتظامی فیصلے ‘پروفیشنل ایڈوائزری کمیٹی’ کے ذریعے کیے جائیں گے، جس کی سربراہی بھی حسن سردار اور اصلاح الدین کریں گے، جبکہ دیگر ارکان کی تقرری ان کی مشاورت سے ہوگی۔

خصوصی نگرانی اور منظم عمل کے لیے پی ایچ ایف نے کارپوریٹ گورننس، مارکیٹنگ اور وسائل کی فراہمی کو ہاکی کے تکنیکی امور سے الگ کردیا ہے۔

نئے مقرر کردہ ارکان میں کیپٹن فرخ عتیق (ہیومن ریسورس اور فنانس)، شکیل شاہ (محکمانہ ہم آہنگی اور آؤٹ ریچ)، عامر ابراہیم (کارپوریٹ اور مارکیٹنگ سپورٹ)، غلام علی ملاح (سکول و کالج سطح پر کھیلوں کی ترقی)، اور بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) اکمل عزیز (سروسز اور ادارہ جاتی ہم آہنگی) شامل ہیں۔ تمام ارکان اعزازی بنیادوں پر خدمات انجام دیں گے۔

پی ایچ ایف کے ترجمان نے کہاکہ یہ عبوری اقدامات ہاکی میں واضح سمت فراہم کرنے اور کھیل کو گراس روٹ سطح تک مضبوط کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کامیابی کا کوئی مختصر راستہ نہیں، لیکن واضح سمت اور محنت جلد نتائج لائے گی۔

یہ اقدامات شفافیت اور پیشہ ورانہ میرٹ کو فروغ دینے کی کوشش ہیں تاکہ پاکستان ہاکی عالمی سطح پر واپسی کے لیے ضروری تکنیکی اور کارپوریٹ مہارت حاصل کر سکے۔

فیڈریشن کا کہنا ہے کہ نئی کمیٹی کے قیام سے کھیل میں مثبت تبدیلی آئے گی اور پاکستان ہاکی کا کھویا ہوا وقار بحال ہوگا۔