خلاصہ
- ممبئی: (دنیا نیوز) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کے خلاف شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 255 رنز کا بھاری ہدف دے دیا۔
وانکھیڈے سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو انہیں مہنگا پڑا۔
ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں نے آؤٹ ہونے کی فکر کیے بغیر چھکے اور چوکوں کی بارش کی اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 254 رنز سکور کیے، ٹیم کی اننگز میں کل 19 چھکے اور 16 چوکے لگائے گئے۔
یہ ٹی20 ورلڈکپ میں سب سے بڑا ہدف بنانے کے ریکارڈ کے لحاظ سے دوسرا سب سے بڑا ہدف ہے، سب سے بڑا ہدف سری لنکا کے نام ہے، جس نے 2007 کے پہلے ٹی20 ورلڈکپ میں کینیا کے خلاف 260 رنز کا ہدف بنایا تھا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے شیمرون ہیٹ مائر نے 85 رنز بنائے، رومان پاول نے 59 اور شیرفین ردرفورڈ نے 31 رنز کا اہم کردار ادا کیا۔ شیمرون ہیٹ مائر نے 19 گیندوں پر نصف سینچری مکمل کی اور 7 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 34 گیندوں پر 85 رنز اسکور کیے۔ رومان پاول نے 29 گیندوں میں نصف سینچری مکمل کی۔
واضح رہے کہ اس میچ میں ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کو 107 رنز سے شکست دی ہے۔