پاکستان میں سہ ملکی ون ڈے سیریز کا مجوزہ شیڈول سامنے آگیا

پاکستان میں سہ ملکی ون ڈے سیریز کا مجوزہ شیڈول سامنے آگیا

ذرائع کے مطابق سہ ملکی سیریز کا پہلا مرحلہ راولپنڈی میں ہوگا، جہاں 18، 20 اور 22 اکتوبر کو میچز کرانے کی تجویز دی گئی ہے۔

مجوزہ شیڈول کے مطابق سیریز کا دوسرا مرحلہ لاہور میں کھیلا جائے گا، جہاں 25، 27 اور 29 اکتوبر کو میچز شیڈول کیے گئے ہیں، سہ ملکی سیریز کا فائنل یکم نومبر کو لاہور میں رکھنے کی تجویز ہے۔

سیریز میں میزبان پاکستان کے علاوہ انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں شرکت کریں گی تاہم، شیڈول کو تمام متعلقہ کرکٹ بورڈز کی باہمی مشاورت کے بعد حتمی شکل دی جائے گی، جس کے بعد باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق سری لنکا کی ٹیم دورہ پاکستان کے دوران دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلے گی۔ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے وینیوز اور تاریخوں پر بھی مشاورت جاری ہے۔

حتمی شیڈول کا اعلان متعلقہ کرکٹ بورڈز کی منظوری کے بعد متوقع ہے۔