رونالڈو نے قومی ٹیم میں واپسی کیلئے شرط رکھ دی

رونالڈو نے قومی ٹیم میں واپسی کیلئے شرط رکھ دی

پرتگالی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو اس وقت تک پرتگال کی نمائندگی نہیں کرنا چاہتے جب تک موجودہ ہیڈ کوچ جارجے جیزس عہدے پر موجود ہیں۔

یاد رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو گزشتہ ہفتے کوچ سے اختلافات کے بعد قومی ٹیم کا کیمپ چھوڑ گئے تھے۔

انہیں ناروے کے خلاف میچ میں متبادل کھلاڑی کے طور پر بھی میدان میں نہیں اتارا گیا تھا جب کہ ڈنمارک کے خلاف میچ میں دوبارہ بینچ پر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس واقعے کے بعد کرسٹیانو رونالڈو قومی ٹیم کا کیمپ چھوڑ کر سعودی عرب واپس چلے گئے۔

دوسری جانب پرتگالی ٹیم کے ہیڈ کوچ جارجے جیزس نے ٹیم میں رونالڈو کی واپسی کا دروازہ کھلا رکھتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ چاہیں تو اگلے انٹرنیشنل کال اپ میں قومی ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں اور ہم دونوں کے درمیان بات چیت بھی ہو سکتی ہے۔

پرتگالی فٹبال فیڈریشن کے صدر پیڈرو پروینسا نے بھی رونالڈو اور کوچ کے درمیان پیدا ہونے والی صورتِ حال کو ’غلط فہمی‘ قرار دیا ہے۔

کرسٹیانو رونالڈو پرتگال کے سب سے زیادہ گول کرنے والے اور سب سے زیادہ میچز کھیلنے والے کھلاڑی ہیں۔

انہوں نے 2003ء میں پرتگال کے لیے ڈیبیو کیا تھا اور وہ حال ہی میں کہہ چکے ہیں کہ موجودہ سال ممکنہ طور پر میرے فٹبال کیریئر کا آخری سال ہو سکتا ہے۔