شاہین شاہ آفریدی نے ون ڈے انٹرنیشنل میں اہم سنگِ میل عبور کر لیا

شاہین شاہ آفریدی نے ون ڈے انٹرنیشنل میں اہم سنگِ میل عبور کر لیا

کپتان شاہین شاہ آفریدی یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے تیز ترین فاسٹ بولر بن گئے ہیں۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے میچ میں شاہین آفریدی نے انگلینڈ کے ان فارم اوپنر ٹام بینٹن کو پہلے ہی اوور میں آؤٹ کرکے اپنی 150ویں ون ڈے وکٹ مکمل کی۔

ٹام بینٹن نے اپنی گزشتہ چار اننگز میں مسلسل چار نصف سنچریاں اسکور کی تھیں، تاہم شاہین کی فل لینتھ گیند پر کور کے علاقے میں کیچ دے بیٹھے۔

شاہین آفریدی نے اپنے 80ویں ون ڈے میچ میں 150 وکٹوں کا سنگ میل عبور کیا، جبکہ پاکستان کے سابق فاسٹ بولرز وقار یونس اور شعیب اختر نے یہ کارنامہ 91، 91 میچز میں انجام دیا تھا۔

پاکستانی بولرز میں شاہین آفریدی اب اس سنگ میل تک پہنچنے والے دوسرے تیز ترین بولر ہیں۔ ان سے آگے سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق ہیں، جنہوں نے 78 ون ڈے میچز میں 150 وکٹیں مکمل کی تھیں۔

عالمی سطح پر شاہین آفریدی 150 ون ڈے وکٹیں لینے والے مشترکہ طور پر چوتھے تیز ترین بولر بن گئے ہیں۔ نیپال کے سندیپ لامیچھانے نے 73 میچز میں یہ اعزاز حاصل کرکے عالمی ریکارڈ قائم کیا، جبکہ آسٹریلیا کے مچل اسٹارک نے 77 میچز میں 150 وکٹیں مکمل کی تھیں۔