خلاصہ
- عجمان: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان میں خواتین کرکٹ کے بڑے بین الاقوامی مقابلوں کا آغاز آج 12 نومبر سے ہو رہا ہے، جہاں آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی 2026ء میں پاکستان سمیت 10 ممالک کی ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے میدان میں اتریں گی۔
25 نومبر تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 30 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے، جبکہ پاکستانی ٹیم اپنی مہم کا آغاز آج بنگلہ دیش کے خلاف کرے گی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق تمام مقابلے عجمان کے کاروان اسپورٹس کلب کرکٹ گراؤنڈ اور سیون ڈسٹرکٹس اسپورٹس کلب میں ہوں گے۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اہم افتتاحی مقابلہ آج دوپہر ایک بج کر 15 منٹ پر کاروان کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم منیبہ علی کی قیادت میں میدان میں اترے گی، جبکہ عائشہ ظفر نائب کپتان ہوں گی۔
پاکستان کو گروپ بی میں بنگلہ دیش، تھائی لینڈ، نیدرلینڈز اور زمبابوے کے ساتھ رکھا گیا ہے، قومی ٹیم 13 نومبر کو تھائی لینڈ، 15 نومبر کو نیدرلینڈز اور 16 نومبر کو زمبابوے کے خلاف اپنے دیگر گروپ میچز کھیلے گی۔
دوسری جانب گروپ اے میں میزبان متحدہ عرب امارات، سری لنکا، آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور پاپوا نیو گنی شامل ہیں۔
متحدہ عرب امارات کی خواتین ٹیم ایشا اوزا کی قیادت میں ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہی ہے اور اپنا پہلا میچ 13 نومبر کو آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گی، ٹورنامنٹ میں پہلی مرتبہ پانچ مکمل رکن ممالک اور پانچ ایسوسی ایٹ رکن ممالک کی ٹیمیں شریک ہیں، جبکہ گزشتہ ایڈیشن کے مقابلے میں ٹیموں کی تعداد آٹھ سے بڑھا کر دس کردی گئی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق گروپ مرحلہ 18 نومبر تک جاری رہے گا، جس کے بعد دونوں گروپس کی تین تین بہترین ٹیمیں سپر سکس مرحلے میں پہنچیں گی۔
سپر سکس مقابلے 20، 22 اور 23 نومبر کو ہوں گے، جبکہ دو سرفہرست ٹیموں کے درمیان فیصلہ کن معرکہ 25 نومبر کو عجمان کے کاروان اسپورٹس کلب کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ تھائی لینڈ کی ٹیم اس ٹورنامنٹ کی دفاعی چیمپئن ہے، جس نے 2025 میں اپنے ملک میں منعقدہ پہلے ایڈیشن کا ٹائٹل جیتا تھا۔
آئی سی سی کے جنرل منیجر ایونٹس اینڈ آپریشنز گورو سکسینہ کے مطابق مقابلوں میں ٹیموں کی تعداد بڑھانے کا مقصد خواتین کھلاڑیوں کو زیادہ بین الاقوامی مواقع فراہم کرنا اور ابھرتی ہوئی ٹیموں کی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔
عجمان میں ہونے والے ان مقابلوں کو متحدہ عرب امارات میں خواتین کرکٹ کے فروغ کے ساتھ ساتھ پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے بین الاقوامی سطح پر اپنی کارکردگی منوانے کا اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے۔