ناسا سے سورج ٹکٹ حاصل کریں

Published On 10 Mar 2018 07:36 PM 

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ناسا سے "سورج ٹکٹ" حاصل کریں اور اپنا نام سورج کی جانب بھیجیں۔ ناسا کی ویب سائٹ پر جا کر اپنا نام اور ای میل ایڈریس شامل کریں۔ اس کے بعد آپ کو اپنے نام کا سرٹیفکیٹ (سورج ٹکٹ) بھیج دیا جائے گا۔

سورج کی جانب نام بھیجے جانے کا پروگرام ناسا کے ایک منصوبے کا حصہ ہے جس کا مقصد عوام کو سورج پر بھیجے جانے والے مشن سے متعلق آگاہی دینا ہے۔پارکرسولر پروب زمین سے سورج کی طرف جانے والا پہلا خلائی جہاز ہے جو سورج کے قریب جاکر وہاں کا جائزہ لے گا اور اس دوران وہ سورج کی تصاویر اور ڈیٹا بھیجتا رہے گا۔

عوام کو اس خلائی منصوبے اور سورج کے متعلق معلومات فراہم کرنے کے لیے ناسا لوگوں کا نا م سورج کی جانب بھیجے گا۔ نام ایک مائیکرو چپ میں ڈیجیٹل انداز میں لکھ کر اسے پارکر سولر پروب کی مدد سے سورج کی جانب بھیجا جائے گا ۔ پارکر سولر مشن کے ڈپٹی مینیجر پیٹرک ہِل نے کہا ہے کہ اب تک انہیں دنیا بھر سے 2 لاکھ نام موصول ہوچکے ہیں۔

ناسا کے مطابق پارکر خلائی جہاز اس سال موسمِ سرما میں زمین سے لانچ کیا جائے گا۔ پارکر خلائی جہاز 2025ء میں سورج تک پہنچے گا۔ پارکر خلائی جہاز سورج کے متعلق اہم سوالوں کے جواب جاننے میں مدد کرے گا۔  پارکر میں چار اہم ، جدید ترین اور حساس آلات لگے ہیں جو سورج کے مقناطیسی نظام، پلازمہ اور توانائی کے ذرات کے علاوہ اس کی تفصیلی اور خوبصورت تصاویر بھی لے گا۔ اس کے کئی آلات جانز ہاپکنز کی اپلائیڈ فزکس لیبارٹری کے ماہرین نے بھی تیار کیے ہیں۔

خلائی جہاز کا نام ایک سائنسدان یوگین پارکر کے نام پر رکھا گیا ہے جس نے ستاروں اور خود ہمارے سورج پر بہت تحقیق کی تھی۔