ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بلیو ٹِک لگانے کا عمل ہر صارف کے لیے ممکن

Published On 10 Mar 2018 08:03 PM 

لاہور: (ویب ڈیسک) ٹوئٹر نے عام صارفین کے اکاﺅنٹس ویریفائی کروانے کا عمل آسان بنانے کا اعلان کیا ہے۔ اب ہر ٹوئٹر صارف اپنے اکاؤنٹ پر بلیو ٹک حاصل کرسکے گا۔

ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹیو جیک ڈورسی نے پیری اسکوپ لائیو اسٹریم کے دوران اعلان کیا کہ کمپنی بلیو چیک مارک کی تصدیق تمام صارفین کو دینا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ہر صارف کے لیے اپنے اکاﺅنٹ کو ویریفائی کرانے کا عمل آسان بنانا ہے، جس سے ہر ایک اپنے بارے میں حقائق کی زیادہ تصدیق کرسکے گا۔

انہوں نے کہا کہ ابھی اکاﺅنٹ پر بلیو ٹک حاصل کرنا بہت مشکل کام ہے، لیکن اس سسٹم پر نظرثانی کی جارہی ہے۔ ابتدا میں ٹوئٹر کی جانب سے اکاﺅنٹ ویریفائی کرنے کا عمل اہم شخصیات کے اصلی اور جعلی اکاﺅنٹس میں فرق کرنا تھا، جس کے بعد یہ مارک ٹوئٹر پر اعتبار کی علامت بن گیا۔

ماہرین کے مطابق عام صارفین اس چیک مارک کو اعتبار کی علامت سمجھنے لگے تھے جو کہ ایک مسئلے سے کم نہیں، کیونکہ لوگوں کو لگتا ہے کہ ٹوئٹر خود اس مخصوص فرد کے پیچھے کھڑی ہے۔