لاہور: (ویب ڈیسک) انسانی جسم میں زہروں کا پایا جانا بعض نوعیت کی الرجیوں، دانوں اور تمام وقت تھکن کے احساس کا سبب بن سکتا ہے۔ عام طور پر مائع اشیاء کے پینے سے ان زہروں سے جگر، گردے اور آنتوں کے راستے چھٹکارہ پایا جاتا ہے۔
صحت کے امور سے متعلق ویب سائٹ "بولڈ اسکائی" کے مطابق گاجر، پالک اور لیموں کے رس پر مشتمل مشروب جگر، گردے اور آنتوں کی دُھلائی اور انہیں زہروں سے صاف کرنے میں مدد گار ثابت ہوتا ہے۔ علاوہ ازیں یہ مشروب وٹامنز اور انسانی جسم کے لیے مفید معدنیات کے بنیادی غذائی عناصر سے بھی بھرپور ہوتا ہے۔ آئیے جانتے ہیں کہ گاجر، پالک اور لیموں کا مرکب کس طرح انسانی جسم کو زہر سے پاک کرنے کا ذریعہ بنتا ہے۔
گاجر
یہ بیٹا کیروٹین، فولک ایسڈ، فاسفورس اور کیلشیم سے بھرپور ہوتی ہے جس کے سبب اس میں انسانی جسم کو چاق و چوبند رکھنے کی خاصیت ہوتی ہے۔ گاجر میں وٹامن "A" پایا جاتا ہے جو انسانی جسم سے زہر کے اخراج میں جگر کی مدد کرتا ہے۔ اس کے علاوہ گاجر انسانی جسم میں الکلائن کو بڑھاتی ہے، دیکھنے کی حِس کو بہتر بناتی ہے اور جلد اور بالوں کو صحت مند بناتی ہے۔
پالک
پتوں والی یہ سبزی جگر کی صفائی میں امتیازی طور پر مدد گار ثابت ہوتی ہے۔ یہ سبزی پیشاب آور ہوتی ہے اور انسانی جسم میں الکلائن کو بڑھاتی ہے۔ پالک فولاد اور اینٹی آکسیڈینٹس سے بھی بھرپور ہوتا ہے جو خون کی کمی کے خلاف مدد کرتا ہے اور عمر بڑھنے کی علامات ظاہر ہونے کو کم کرتا ہے۔ پالک میں فولاد، فولک ایسڈ، وٹامن"B6" اور وٹامن "K" موجود ہونے کے پیش نظر یہ خون کو صاف کرتا ہے۔ یہ تمام عناصر خون صاف کرنے کے لیے شان دار شمار کیے جاتے ہیں۔
لیموں
لیموں کو تطہیر اور صفائی کے حوالے خاصا معروف سمجھا جاتا ہے کیوں کہ یہ وٹامن"C" اور ریشے سے بھرپور ہوتا ہے۔ لیموں گردے، جگر اور آنتوں کی صفائی کرتا ہے۔ یہ انسانی جسم کی قوت مدافعت میں اضافہ کرتا ہے، ہاضمہ بہتر بناتا ہے اور پٹھوں اور جوڑوں کے درد کو کم کرتا ہے۔
مذکورہ جادوئی مشروب تیار کرنے کے لیے ہمیں دو گاجریں، 50 گرام پالک، ایک لیموں کا رس، ایک چھوٹا چمچہ شہد اور ایک گلاس پانی لینا ہو گا۔ان تمام چیزوں کو ملا کر ہم ایک نہایت ذائقے دار اور مفید مشروب حاصل کر سکتے ہیں۔ اس مشروب کو صبح کے وقت نہار منہ ناشتے سے آدھا گھنٹہ پہلے پینا بہتر ہے۔ اس طرح جسم اس جوس میں موجود غذائی عناصر کو آسانی سے جذب کر لے گا اور یہ زیادہ صفائی کا سبب بن جائے گا۔