وٹس ایپ صارفین ہوشیار، ہیکرز حساس معلومات تک رسائی کیلئے سرگرم ہو گئے

Last Updated On 26 June,2020 03:55 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وٹس ایپ صارفین ہوشیار ہو جائیں، ہیکرز کورونا معلوماتی ایپ، گیم شوز اور گورنمنٹ انکم سپورٹ پروگرامز کی آڑ میں حساس معلومات تک رسائی حاصل کرنے کے لیے سرگرم ہوگئے، وفاقی حکومت نے ایڈوائزری جاری کردی ہے۔

وفاقی حکومت نے سائبر حملوں سے بچنے کیلئے ایک اور ایڈوائزری جاری کردی ہے جس کے تحت ہیکرز کورونا سے متعلق معلوماتی ایپ کے ذریعے حملے کررہے ہیں۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ دوہری تصدیق کا نظام نہ ہونے سےعوام ہیکرزکا نشانہ بن رہے ہیں۔

گورنمنٹ انکم سپورٹ پروگرام کی آڑ میں حساس معلومات تک رسائی کی کوشش کی جارہی ہے، ایڈوائزری کے مطابق سوشل انجینرئنگ، لنکس، ای میل اور ایس ایم ایس کے ذریعے سائبر حملے کئے جارہے ہیں جن کے ذریعے ہیکرز صارفین کے بنک اکاونٹس تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ہیکرز مختلف اداروں کی حساس معلومات تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔

ایڈوائزری میں سفارش کی گئی ہے کہ صارفین ہیکرز سے بچنے کے لیے دوہری تصدیق کا نظام اپنائیں، جی میل، فیس بک اور وٹس ایپ اکاونٹس کے لیے دوہری تصدیق کا نظام اپنایا جائے جبکہ صارفین ون ٹائم پاسپورڈ کسی کو بھی فارورڈ نہ کریں اور سوشل میڈیا سے آنے والے لنکس پر کلک نہ کریں۔