سوشل میڈیا کی بندش، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے عوام سے معذرت کرلی

Published On 16 April,2021 05:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سوشل میڈیا کی بندش پر معذرت کرتے ہوئے آئندہ بند نہ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

شیخ رشید کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شرپسندوں کا نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد احتجاج کا منصوبہ تھا تاہم پورے ملک میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت پھیلانے والوں کو شکست ہو گئی ہے۔ کالعدم قرار دینے کے بعد ان کے اکاؤنٹس منجمد، شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کریں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ بطور وزیر داخلہ معذرت خواہ ہوں کہ تین گھنٹے کے لئے سوشل میڈیا کو بند رکھنا پڑا کیونکہ ان کی کال ہی ایسی تھی کہ جمعہ کے بعد احتجاج کے لئے نکلنا ہے، تاہم آئندہ سے سوشل میڈیا بند نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس، رینجرز، پنجاب اور کراچی کی انتظامیہ کو مبارکباد دیتا ہوں کہ انہوں نے اشتعال انگیزی پھیلانے کی کوشش کرنے والوں کو شکست دی۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھرمیں سوشل میڈیا عارضی پابندی کے بعد بحال ہونا شروع

خیال رہے کہ ملک بھر میں ٹویٹر، فیس بک، یوٹیوب، ٹیلی گرام اور دیگر ایپس کو 3 بجے تک عارضی طور پر معطل کر دیا گیا تھا۔ وزارت داخلہ کی جانب سے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو سوشل میڈیا ویب سائٹس اور ایپلی کیشنز پر پابندی لگانے کی ہدایت جاری کی گئی۔

اس کا مقصد مذہبی جماعت کے ممکنہ احتجاج کو روکنا تھا۔ وزارت داخلہ کی ہدایت پر عملدرآمد کرتے ہوئے پی ٹی اے نے یوٹیوب، ٹک ٹاک، ٹویٹر، ٹیلی گرام، فیس بک عارضی طور پر بند کر دی تھی۔

 

Advertisement