پاکستان کے آئی ٹی ماہرین جلد جاپان میں ہوں گے، زلفی بخاری

Published On 26 April,2021 08:04 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز زلفی بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان کے آئی ٹی ماہرین جلد جاپان میں ہوں گے۔ جاپان میں افرادی قوت بھجوانے کا کوئی میکانزم موجود نہیں تھا، اب اس پر کام کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ دنیا کے ہر خطے میں پاکستانیوں کو ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے حکومتی کوششیں آخری مراحل میں ہیں۔ زلفی بخاری نے یہ بات پاکستانی آئی ٹی ماہرین کو جاپان میں ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کیلیے ایک کمپنی کے ساتھ ایم او سی پر دستخط کی تقریب سے خطاب میں کہی۔

زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ دنیا کے مختلف ممالک جن میں جاپان سرفہرست ہے، میں اپنے قدم جمائیں تاکہ پاکستانیوں کے لیے بیرون ملک ملازمتوں کے وسیع مواقع پیدا ہو سکیں۔ اس وقت بھی مختلف ملکوں کے ساتھ بات چیت جاری ہے جس کی تفصیلات جلد سامنے آ جائیں گی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ جاپان میں پاکستانی آئی ٹی ماہرین کو ملازمت کی پیشکش دیگر کئی ممالک سے پہلے ہوئی اور اس سلسلے میں ایم او یو پر دستخط بھی ایسے وقت میں ہوئے، جب جاپان نے کسی دوسرے ملک سے ایسا کوئی ایم او یو نہیں کیا تھا۔ اس حوالے سے جاپان میں پاکستانی سفیر کا کردار بھی اہم رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آج کا ایم او سی ان کی وزارت کا سب سے اہم مقصد تھا کیونکہ جاپان آئی ٹی سیکٹر میں بے پناہ مواقع اور پاکستان افرادی قوت رکھتا ہے۔ جاپان میں ہر سال 5 لاکھ ملازمتیں نکلتی ہیں۔ چاہتے ہیں کہ پاکستانی جاپان بھی ایسے ہی جائیں جیسے وہ عرب ممالک میں جا رہے ہیں۔ جس سے دونوں ملک فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

 

Advertisement